|

وقتِ اشاعت :   May 13 – 2023

کراچی/خضدار: بزرگ سیاستدان و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر محمد نصیر مینگل نے موجودہ مخدوش صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کی آڑ میں ملکی املاک کو نقصان پہنچانا کسی بھی جمہوری پارٹی کو زیب نہیں دیتا۔

لاہور میں مظاہرین کے ہاتھوں کورکمانڈر کے گھر کو جلانا جوکہ بانی پاکستان کا گھر اور پاکستان کی قدیم عمارت تھی۔ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے، وہ کام جو دشمن نہ کرسکے اسے ملک کے سیاسی کارکنوں نے کردیا، ملک بھر میں فسادات جلاؤ گھیراؤ غیر جمہوری طرز عمل ہے اور یہ کسی دشمن قوت کی ایما پر ہی ہوسکتا ہے۔ میر محمد نصیر مینگل کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو عوام کی طاقت سے ناکام بنادیں گے۔

عوام قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اگر کوئی دشمن عناصر یہ سمجھتاہے کہ وہ عوام اور پاک فوج کے درمیان خلیج پیدا کرکے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گا تو یہ ان کی بھول ہے۔

سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن ملکی سلامتی سب سے مقدم ہے، مملکت خداداد پاکستان اندرونی معاملات کی بنا آج جس سے صورتحال سے گزر رہی ہے یہ ایک تشویشناک امر ہے، لہذا ہیجانی کیفیت سے ملک کو نکالنا ہوگا اس کے لیے سیاسی قائدین تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کو اس نازک صورتحال سے نکالیں اور شرپسند عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، شرپسند چاہئے جس پارٹی سے تعلق رکھتے ہوں انہیں بلا تفریق اور قرار واقعی سزا دی جائے۔