|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2023

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں 4مئی کو دکی میں کوئلہ کان میں حادثے کے بعد پھنسے ہوئے کانکنوں کو ریسکیو کرنے کے لئے توجہ دلائو نوٹس پیش ، کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے ارکان کا مردم شماری کے عمل پر تحفظات کا اظہارجبکہ ارکان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تاحال بحالی کا کام مکمل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پیر کو ایک گھنٹہ بیس منٹ کی تاخیر سے رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے کی زیر صدارت شروع ہوا۔

اجلاس میںصوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کے بیٹے کی ٹریفک حادثے میں وفات پر ایوان میں فاتحہ خوانی کی گئی ۔ اجلاس میں پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے رکن نصر اللہ زیرے نے توجہ دلائو نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر برائے محکمہ مائنز اینڈ منرل کی توجہ ایک اہم مسئلے کی جانب مبذول کروائیں گے کہ 4مئی 2023سے دکی کے علاقے میں 2کان کن کوئلہ کان میں پھنسے ہوئے ہیں مگر 11روز گزرنے کے باوجود پھنسے ہوئے کان کنوں کو ریسکیو نہیں کیا جاسکا ہے جس سے محکمہ مائنز کی بے حسی اور غفلت ظاہر ہوتی ہے ۔لہذا محکمہ مائنز نے اس بابت اب تک کیا اقدامات اٹھائے ہیں تفصیل فراہم کی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ لوگ کان کنی سے اربوں روپے کما رہے ہیں محکمہ مائنز صوبے میں موجود ہے لیکن مزدوروں کے لئے سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں 11روز سے قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے دو کانکنوں کو تاحال بچایا نہیں جاسکا اب انکی زندگی کے آثاربھی معدوم ہوچکے ہیں ۔ رکن صوبائی اسمبلی میر عارف جان محمد حسنی نے کہا کہ پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کانکنوں کو ریسکیو کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں ۔صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ حکومت دونوں کانکنوں کو نکالنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیگی جس پر پینل آف چیئر پرسن کی رکن شکیلہ نوید دہوار نے رولنگ دی کہ دکی میں پھنسے کان کنوں کو ریسکیو کرنے کے لئے متعلقہ محکمے اور انتظامیہ تما م وسائل بروئے کار لائیں ،بعدازاں توجہ دلائو نوٹس نمٹا دیا گیا ۔

اجلاس میں پشتونخوامیپ کے رکن اسمبلی نصراللہ زیرے نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی نے مردم شماری کے حوالے سے قرار داد منظور کرائی تھی کہ مردم شمار ی میں کوئٹہ کی آبادی کیساتھ زیادتی کی گئی ہے انہوںنے کہاکہ آج مردم شماری کا آخری دن تھا بلوچستان بالخصوص کوئٹہ میں قصداً مردم شماری میں لوگوں کو شمار نہیں کیا گیا جس کی بنیاد پر ہونیوالی حلقہ بندیوں میں کوئٹہ کی قومی اور صوبائی نشستیں کم ہونگی انہوں نے کہاکہ کوئٹہ کے اب بھی ایسے حلقے ہیں جہاں مردم شماری کا عملہ نہیں پہنچاہے انہوں نے کہاکہ جانچ پڑتال کی جائے کہ کوئٹہ کی آبادی کو کیونکر کم شمار کیا گیا ہے۔

اور اسکی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ رکن صوبائی اسمبلی قادر علی نائل نے کہا کہ گزشتہ دنوں انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث ڈیجیٹل مردم شماری میں استعمال ہونیوالی اپلیکیشنز بھی غیر فعال ہوگئی تھیں جس کے باعث چار سے پانچ روز ضائع ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ اسمبلی نے قرار داد منظور کی تھی کہ مردم شماری کے عملے کو ڈبل معاوضہ ادا کیا جائے مگر اس پر بھی عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ مردم شماری میں مزید توسیع کی جائے۔ بی این پی کے رکن اسمبلی احمد نواز بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ میں ایسے بھی علاقے ہیں جہاں اب تک مردم شماری کا عملہ نہیں پہنچ سکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مردم شماری کے عملے کو نہ تو کوئی تربیت فراہم کی گئی اور نہ ہی مذکورہ ٹیب کے استعمال میں انہیں کوئی مہارت حاصل تھی انہوں نے کہاکہ سریاب کی آبادی کو کم ظاہر کیا گیا ہے جسکی پر زور مذمت کرتا ہوں۔ رکن صوبائی اسمبلی عارف جان محمد حسنی نے کہا ہے کہ خاران اور واشک میں گزشتہ مردم شماری کے دوران حالات مخدوش ہونے کے باعث وہاں صحیح طریقے سے مردم شماری نہیں ہو پائی تھی تاہم حالیہ مردم شماری میں وہاں کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے۔