|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2023

تربت :  گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ کی گہری دلچسپی اوربھرپور کوششوں سے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے یونیورسٹی آف تربت کے ایک میگاواٹ کے سولر پراجیکٹ کے لیے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے گزشتہ ماہ اسلام آباد میں ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں جامعہ تربت کے سولرائزیشن منصوبے کا معاملہ اٹھایا تھا۔

ملاقات کے دوران گورنر بلوچستان نے چیئرمین ایچ ای سی سے کہا کہ وہ جامعہ تربت کے سولر پراجیکٹ کے لئے جلد از جلد فنڈزجاری کریں جس پر چیئرمین ایچ ای سی نے گورنر بلوچستان کو مطلوبہ فنڈز جلد جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی اورحال ہی میں ایچ ای سی نے یونیورسٹی کے سولر پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کے لیے فنڈز جاری کردیئیہیں۔یونیورسٹی آف تربت کیپراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر کمال احمد کے مطابق سولرائزیشن پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کی بجلی پیداکرنے کی صلاحیت پانچ سو کلوواٹ ہوگی اور پہلے مرحلے پر کام دو ہفتوں میں شروع کر دیا جائے گا۔

یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد نے پیر کے روز گورنر بلوچستان اور چیئرمین ایچ ای سی سے ٹیلیفون پر گفتگوکرتے ہوئے یونیورسٹی آف تربت کے سولرپروجیکٹ کے لئے بروقت تعاون کرنے پران کا شکریہ ادا کیا۔ وائس چانسلر نے امیدظاہرکی کہ سولرائزیشن پراجیکٹ سے نہ صرف یونیورسٹی کے بجلی کادیرینہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو گا بلکہ اس سے یونیورسٹی کو بجلی کے بل کے ماہانہ اخراجات کی مد میں کافی بچت بھی ہوگی۔

وائس چانسلر نے اس بات کو سراہا کہ موجودہ گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ بلوچستان کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جنہوں نے اس ماہ کے آخر میں کوئٹہ میں پبلک سیکٹریونیورسٹیوں کے مالی اور انتظامی مسائل پر وائس چانسلرز کانفرنس بلائی ہے۔ یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ موجودہ چانسلر/گورنربلوچستان کی سرپرستی میں پبلک سیکٹریونیورسٹیوں کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے علاوہ بلوچستان کے اعلی تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم فروغ پائے گا ۔