|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2023

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت منعقدہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں صوبے کو درپیش مالی مسائل کو باعث تشویش قرار دیا گیا ہے سیکریٹری خزانہ نے کابینہ کو صوبے کی مالی صورتحال پر بریفنگ دی وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی مالی ڈسپلن کو ہر صورت برقرار رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی دستیابی اور اجراء میں رکاوٹ پیدا نہ ہونے دی جائے۔

اجلاس میں اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے وزیراعظم کے سیلاب کے دوران بحالی کیلئے اعلان کردہ دس ارب روپے کا تاحال اجراء نہیں کیا گیا ہے جبکہ صوبائی حکومت کی مسلسل کوششوں اور ٹھوس موقف کے باوجود پی پی ایل کی جانب سے صوبے کے واجبات کی ادائیگی کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ اگر وزیراعظم کے اعلان کردہ دس ارب روپے اور پی پی ایل کی جانب سے واجبات کی ادائیگی ہو جاتی ہے تو بلوچستان کو بہت بڑی ریلیف مل سکتی ہے اور درپیش مالی مسائل میں کمی آسکتی ہے اجلاس میں اس حوالے سے فوری طور پر وزیراعظم سے رابطہ کرکے انہیں صورتحال سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جاری ترقیاتی عمل کو ہر صورت برقرار رکھا جائیگا اور مالی مسائل کے حل کیلئے تمام ممکنہ ذرائع برؤے کار لائے جائیں گے۔