چین کی وزارت خارجہ نے کرپشن اور میچ فکسنگ کے الزام میں جنوبی کورین فٹبالر سن جون ہو کی گرفتاری کی تصدیق کر دی۔
چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چائنیز لیگ میں حصہ لینے والے 31 سالہ جنوبی کورین فٹبالر سن جون ہو اس وقت چینی پولیس کی تحویل میں ہیں، انہیں شنگھائی ائیرپورٹ سے تحویل میں لیا گیا تھا۔
جنوبی کورین وزارت خارجہ نے اپنے پلیئر کی گرفتاری پر مزید کچھ نہیں کہا تاہم انہوں نے بتایا کہ ان کی پہلی ترجیح سن جون ہو کو قونصلر سپورٹ دلوانا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سن جون ہو کی گرفتاری کی خبریں چائنیز فٹبال میں کرپشن اور میچ فکسنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد منظر عام پر آئیں، جنوبی کوریا کے سفارتکار جلد ہی گرفتار فٹبالر سے ملاقات کرکے معاملے کی نوعیت سے متعلق معلومات لیں گے۔
جنوبی کورین فٹبالر سن جون ہو 2021 میں چین کے صوبے شین ڈونگ منتقل ہوئے تھے جہاں انہوں نے بطور مڈفیلڈر شین ڈونگ ٹائشن کیلئے کھیلنا شروع کیا تھا، جبکہ وہ اپنے ملک جنوبی کوریا کیلئے 20 بین الاقوامی میچوں سمیت گزشتہ سال فٹبال ورلڈ کپ میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران چینی حکام کی جانب سے جنوبی کورین فٹبالر کے علاوہ فٹبال ایسوسی ایشن کے چار عہدیداروں کو بھی بے ضابطگیوں کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے جبکہ چینی فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر کو بھی قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔
دوسری جانب جنوبی کورین فٹبال میں بھی میچ فکسنگ کی خبروں پر گزشتہ مہینے فٹبال ایسوسی ایشن کے پورے ایگزیکٹو بورڈ کو ہٹا دیا گیا تھا جبکہ 100 سے زائد افراد پر میچ فکسنگ اور دیگر الزامات میں پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔