|

وقتِ اشاعت :   May 18 – 2023

کوئٹہ: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ حکمران طبقہ عوام کے مسائل سے آگاہ کرنے، قومی سطح پر صوبہ بلوچستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے اور طرز حکمرانی کو بہتر بنانے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔

معاشرے میں آپ کے قلم کی توسط سے دونوں حکومتی اور عوامی سطح پر مسائل اجاگر ہو رہے ہیں. انہوں نے صحافیوں کو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے انجام دہی میں درپیش مسائل ومشکلات کے حل کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو گورنر ہاؤس میں کوئٹہ پریس کلب کوئٹہ کے نومنتخب صدر عبدالخالق رند، سئنیر نائب صدر غلام مصطفی ترین نائب صدر نسیم حمید یوسفزئی جنرل سیکرٹری بنارس خان جوائنٹ سیکرٹری محمد یعقوب فنانس سیکرٹری شیخ عبدالرزاق اور ایگزیکٹیو کونسل کے اراکین سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ جمہوری نظام کو مستحکم کرنے اور اختلاف رائے کا احترام پیدا کرنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے. اس ضمن میں آزادی اظہار رائے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔

آزاد میڈیا کی بدولت عوام کو حقیقت پر مبنی معلومات میسر ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میڈیا کو ریاست کاچوتھا ستون کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں میڈیا کی آزادی کیلئے میسر قانون سازی کے ساتھ ساتھ سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں میڈیا پرسنز کو بہترین ماحول فراہم کیا جا رہا ہے ۔

تاکہ عوام کو معلومات کی بہتر فراہمی ممکن ہو سکے. انہوں نے کہا بلوچستان کے صحافیوں نے مشکل حالات میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی احسن طریقے سے کی ہے اور ہمیشہ مثبت صحافتی اقدار کو فروغ دیا ہے اور حتی الامکان کوشش کی ہے کہ صوبے اور عوام کو درپیش مسائل کو بہتر طور پر اجاگر کیا ہے اور بلوچستان کے صحافیوں نے پیشہ ورانہ فرائض کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے ہیں۔