|

وقتِ اشاعت :   May 23 – 2023

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسی خیل نے اسمبلی کی جانب سے دی جانے والی رولنگ پر عمل درآمد نہ ہونے پر چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کو 25مئی کو صوبائی اسمبلی میں طلب کرلیا ،ڈپٹی اسپیکر نے سول ہسپتال کے زنانہ سرجیکل وارڈ کی متبادل جگہ کے حوالے سے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کرلی ۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر بابرموسی خیل کی زیر صدارت ایک گھنٹے سے زائدکی تاخیر سے منعقد ہوا، رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے کا نقطہ اعتراض پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری اور دیگر سیکرٹریز ایوان میں نہیں آتے، اس پر ڈپٹی اسپیکر بابر موسی خیل نے کہا کہ ایوان کی رولنگ پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا ہے ، ڈپٹی اسپیکر بابر موسی نے چیف سیکرٹری کو 25 مئی کو اسمبلی طلب کرلی،رکن اسمبلی شکیلہ نوید نے ایوان کی توجہ دلاو نوٹس کے ذریعے سول اسپتال میں گرائی گئی ۔

زنانہ سرجیکل وارڈ کی متبادل جگہ نہ دینے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ زنانہ سرجیکل وارڈ گرانے سے مریضوں کاعلاج معالجہ رک گیاہے،زنانہ سرجیکل وارڈ گرائے جانے سے ایمرجنسی مریضوں کو دوسرے اسپتالوں میں ریفرکیاجارہاہے ۔

ڈپٹی اسپیکرنے اس حوالے سے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کرلی ،رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے کا فارماسسٹس اور ڈرگ انسپکٹرز کے فورٹائر سروس اسٹرکچر نہ بننے کی وجوہات بتانے سے متعلق توجہ دلاو نوٹس نمٹا دیا گیا، قائد حزب اختلاف ملک سکندر ایڈوکیٹ نے کوئٹہ کے ہوٹلوں کا بیڈ ٹیکس 800 فیصد بڑھائے جانے کے حوالیسے توجہ دلاو نوٹس پیش کیا جس پر ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ دی کہ چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کو لیٹر بھجوایا جائیگاجس کے بعد بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 25 مئی کی سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کردیا ۔