|

وقتِ اشاعت :   May 23 – 2023

کوئٹہ : گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ سے گورنر ہاوس کوئٹہ میں اراکین صوبائی اسمبلی میر اکبر مینگل اور ٹائٹس جانسن نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وڈھ یونیورسٹی کیمپس کو مکمل یونیورسٹی کا درجہ دینے، سکندر یونیورسٹی کی فعالیت کو یقینی بنانے، جھالاوان میڈیکل کمپلیکس کے فنڈز کا اجراء کرنے اور نرسنگ کالج خضدار کے مالی مسائل حل کرنے سمیت خضدار اور وڈھ کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ ہم عوام کی فلاح و بہبود کو آولین ترجیح دیتے ہیں۔

اپنی قوم کو علمی، عقلی اور سائنسی بنیادوں پر مستحکم کرنے کیلئے تگ ودو کرتے آ رہے ہیں اس ضمن میں ہائیر ایجوکیشن کے اداروں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ تعلیم ہی ہر قسم کی ترقی کی بنیاد ہے، گورنر بلوچستان نے کہا کہ مستقبل قریب کے تقاضوں اور انسانی ضروریات کے پیش نظر اپنی نئی نسل کو سائنسی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید مہارتیں بھی سکھا کر ہی وہ علمی اور معاشی اعتبار سے کنزیومر کی بجائے کنٹریبیوٹر بن جائیں گی۔