|

وقتِ اشاعت :   May 23 – 2023

کوئٹہ: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ عوام کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کیلیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے لایا جائے. انہوں نے کیسکو کو ہدایت کی کہ کچلاک اور اس سے متصل تمام علاقوں میں فوری طور پر تمام گھریلو صارفین اور خاصکر زرعی فیڈرز پر بجلی مکمل وولٹیج کے ساتھ فراہم کریں۔

یہ بات انہوں نے کیسکو کے نمائندے یوسف شاہ اور نجیب مری کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے زمینداروں اور کاشتکاروں نے پچھلے دو تین عشروں کے دوران پہلے خشک سالی اور حالیہ تباہ کن بارشوں کے باعث کئی بار مالی مشکلات سے دوچار ہوئے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ ان کو تمام ضروری سہولیات فراہم کیا جائے۔

گورنر بلوچستان نے گھریلو صارفین اور زمینداروں پر بھی زور دیا کہ وہ بجلی بلوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں کیونکہ بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے نہ صرف اداروں کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہونگے بلکہ عوامی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگا۔