|

وقتِ اشاعت :   May 24 – 2023

کوئٹہ:  پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج کی قیادت میں بلوچستان میں آباد اقلیتوں نے پاک فوج سے’’ہماری پہچان مضبوط پاکستان ‘‘ کے عنوام سے ائیر پورٹ روڈ سے ایک ریلی نکالی ائیر پورٹ روڈسے نکالی گئی۔

ریلی کے شرکاء نے عسکری چیک پوسٹ پر تعینات پاک فوج کے اہلکاروں پر پھول نچھاور کئے اورانہیں پھول پیش کئے اسکے بعد ریلی سمنگلی روڈ،زرغون روڈ سے ہوتی ہوئی سرینا چوک پہنچی ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم ، بینز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر پاک فوج کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ ریلی میں مسیحی ،ہندو ، پارسی ،سکھ ،بالمیک سے تعلق رکھنے والے اقلیتوں نے بڑی تعداد میںشرکت کی۔

ریلی کے شرکاء سے پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قوم کا سرمایہ اور فخر ہے۔

سرحدوں کی حفاظت پر مامور فوجی ہمارے ماتھے کا جھومر ہیںجنکی بدولت ہم چین کی نیند سوتے ہیںپاک آرمی پاکستان کی محافظ ہے اور سیاسی پروپیگنڈہ کا حصہ بن کر فوج کے اہلکاروں ،عسکری و قومی تنصیبات پر حملہ کرنے والے کسی بھی طرح ملک اورقوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب ہو یازلزلہ پاک فوج عوام کی حفاظت اور مدد کیلئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے پاک فوج پرتنقید کرنے والے ملک کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آباد اقلیتوں کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی کے انعقاد کا مقصد پاک فوج کے جوانوں سے اظہار یکجہتی اورانہیںیہ باور کرانا ہے کہ ملک اور خاص کر بلوچستان میں آباد اقلیتیں کسی بھی مشکل کی گھڑی میں اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سبز ہالی پرچم سدا سربلند رہا ہے اورآئندہ بھی سربلند رہے گا پاکستان اور بلوچستان میںآباداقلتیں ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کرتی رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شہدا اورغازیوں کی یادگاروں کو توڑنے اور نذرآتش کرنے والوں کو ہم بتادینا چاہتے ہیں کہ شہدا ہمارے قومی ہیروز ہیں انکی توہین کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباو اجداد نے اپنی جانوں کے نذرانے دیکر پاکستان حاصل کیا تھا آج ہم اپنے خون سے پاکستان کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے اگردشمن نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تواسکی آنکھیں نکال باہر پھینکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آباداقلیتوں کی طرف سے 25مئی یوم تکریم شہدا بھر پور طریقے سے منایا جائے گا اقلیتی عبادت گاہوں میں ملک کیلئے خصوصی دعاوں کا اہتمام کیا جائے گا اور شام کو اقلیتوں کی جانب سے شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی۔اس موقع پر پادری صاحبان نے ملک اورقوم کیلئے خصوصی دعائیں بھی کرائیں۔