|

وقتِ اشاعت :   May 24 – 2023

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے 25 مئی یوم تکریم شہداء پاکستان کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ افواج پاکستان اور اپنے وطن کی خاطر جان نچھاور کرنے والے عظیم شہداء سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔

جو قومیں اپنے شہداء کو بھول جاتی ہیں ان قوموں کاتاریخ میں کوئی نام لیوا نہیں ہوتا پاکستان کے محافظ ملک دشمن عناصر کے خلاف ہر محاذ پر اپنی جانوں کی قربانیاں دیتے ہوئے ملک کے دفاع میں ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری تاریخ شہداء کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔

اور ہم ایک ایسی ملت سے تعلق رکھتے ہیں جو قیام پاکستان سے ہی اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کو جب بھی بیرونی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا تو پاکستانی قوم نے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ دشمن کے تمام عزائم کو خاک میں ملایا انہوں نے کہا کہ وطن کے محافظوں سے والہانہ محبت کا اظہار اس امر پر قوی دلیل ہے کہ پاکستان اور خصوصاً بلوچستان کے عوام اپنی بہادر افواج اور سیکورٹی فورسز سے بے لوث محبت کرتے ہیں اور ان تمام قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو اس مملکت خداداد کے محافظوں نے اس مٹی اور دھرتی کی حفاظت کے لیے دی ہیں انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں ففتھ جنریشن وار فیئر کے ذریعے قوموں میں ان کی افواج کے خلاف نفرت اور بغاوت کے ذریعے ایسے حالات پیدا کیے جاتے ہیں جس سے عوام اور افواج میں تفریق پیدا ہوتی ہے۔

ہم نے دشمن کے ہر پروپیگنڈے کا مؤثر انداز سے جواب دیتے ہوئے تمام ملک دشمن قوتوں اور تخریبی عناصر کی بحیثیت قوم اجتماعی طور پر نفی کرنی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یوم تکریم شہداء دراصل ایک تجدید عہد ہے کہ ہم سب وطن عزیز کے دفاع ،حرمت اور استحکام کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور بہادر پاکستانی افواج اور عوام میں کسی قسم کی کوئی خلیج کو حائل ہونے نہیں دیں گے اور ہم اپنے محب وطن عوام کے تعاون سے ایک ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے انہوں نے کہا کہ آئیں اس اہم قومی دن پر ہم اپنے تمام عظیم شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں اور شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کریں یہ شہداء اور ہماری بہادر افواج دفاع وطن، اور وطن عزیز کی حرمت اور استحکام کی ضامن ہیں۔