سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 600 سے زائد رہنماؤں اور سابق ارکان اسمبلی کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کرلیےگئے۔
ذرائع ایف آئی اے کے مطابق 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں ملوث ہونے کے تناظر میں عمران خان سمیت 600 سے زائد سابق ارکان اسمبلی اور پی ٹی آئی عہدیداروں کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیےگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ بیرون ممالک جانے سے روکنےکے لیے پی ٹی آئی رہنماؤں کے نام ایف آئی اے کی پروونشل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ ( پی این آئی ایل) میں ڈالےگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا نام بھی نو فلائی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ مرادسعید، ملیکہ بخاری، فواد چوہدری، حماد اظہر، قاسم سوری ، اسد قیصر، یاسمین راشد اور میاں اسلم اقبال کا نام بھی نو فلائی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہےکہ گزشتہ 3 روز میں بعض عہدیداروں نے بیرون ممالک جانےکی کوشش بھی کی، بیرون ممالک جانےکی کوشش کرنے والے پی ٹی آئی ارکان اور عہدیداروں کو ہوائی اڈوں پر روکا گیا، ان کو بیرون ممالک سفر سے روکنےکے لیے نام پولیس، سی ٹی ڈی اور خفیہ اداروں نے ارسال کیے تھے۔