|

وقتِ اشاعت :   May 25 – 2023

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے یونیورسٹی کے کانفرنس روم میں منعقدہ جامعہ گوادر کے چوتھے اکیڈمک کونسل کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں اکیڈمک کونسل کے ممبران پرو وائس چانسلر جامعہ گوادر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، سیکرٹری ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن بلوچستان حافظ عبدالماجد ، رجسٹرار جامعہ گوادر پروفیسر دولت خان، ، کنٹرولر امتحانات و ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر کمبر فاروق، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈائریکٹر اورک محمد ارشاد، چیئرمین کامرس ڈیپارٹمنٹ زین العابدین ، چیئرمین ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ مختار بشیر، چیئرمین مینجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ فدا حسین ، چیئرمین کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ حفیظ اللّٰہ، چئیرمین کیمسٹری ڈپارٹمنٹ شہناز نور، چئیرمین انگلش ڈپارٹمنٹ سعدیہ نصیر، لیکچرار ہیم گل اور لائبریرین غلام سرور نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں اکیڈمک کونسل اور اس کے فیصلے نسلوں کے مستقبل پر اثرانداز ہوتے ہیں اس لیے یونیورسٹیوں کو اخلاقی تبدیلی اور سماجی ترقی کا مرکز و منبع سمجھا جاتا ہے۔ یونیورسٹیوں کا وجود اور کامیابی ہی قوموں کی قومی وجود اور کامیابی کو یقینی بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں نہ صرف ملکوں کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں بلکہ سماجی اصلاحات، روشن خیالی اور عوام میں فکری شعور اور بیداری بھی لاتی ہیں۔
اکیڈمک کونسل کے اراکین نے ادارے کی بہتری کے لیے وائس چانسلر کی جانب سے کی جانے والی فعال اور متحرک انتظامی، تعلیمی اور مالی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے جامعہ گوادر کی کم وقت میں ترقی کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منظور احمد سید نے جامعہ کے اکیڈمک کارکردگی کو تفصیل سے بیان کیا۔ کونسل کے تمام ممبران نے وائس چانسلر کو یقین دلایا کہ وہ طلباء کو معیاری تعلیم اور بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے اپنی مہارت اور خدمات پیش کریں گے۔
تفصیلی غور و خوض کے بعد مختلف اہم فیصلے کئے گئے۔ جن میں مختلف مضامین میں متعارف نئے کورسز اور اکیڈمک اور ریسرچ پلانز کی منظوری اکیڈمک کونسل کے تیسرے اجلاس کے روہیدار کی منظوری اور یونیورسٹی آف گوادر سے تحقیقی جریدہ شائع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
قبل ازیں یونیورسٹی کے رجسٹرار اور کونسل سیکرٹری دولت خان نے ایجنڈا ایوان میں بحث و مباحثہ کے لیے پیش کیا۔ ایوان کے ارکان نے وائس چانسلر کو یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کی کوششوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔