|

وقتِ اشاعت :   May 27 – 2023

کوئٹہ/اسلام آباد:  بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پارٹی اپنے اصولی نظریاتی موقف پر قائم اور جدوجہد کر رہی ہے ۔

لاپتہ افراد کا مسئلہ ہو یا بلوچستان سے متعلق جو بھی بلوچوں کے خدشات و تحفظات ہیں اسلام آباد کے ایوانوں میں بلوچستان کا مقدمہ لڑتے رہیں گے ۔

اقتدار میں ہوں یا حزب اختلاف میں فعل و متحرک انداز میں پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل، مرکزی قیادت، پارلیمانی اراکین نے احسن طریقے سے جدوجہد کو یقینی بنایا لاپتہ افراد کی بازیابی سمیت ہمارے لوگوں کو جو بھی مسائل درپیش ہیں ثابت قدم ہو کر سابق اور موجودہ حکومت میں پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز بلند کر رہے ہیں کبھی بھی مصلحت پسندی کا شکار نہیں ہوئے موجودہ پارلیمانی دور میں اسلام آباد کے ایوانوں میں پارٹی قیادت نے جس طرح آواز بلند کی اس کی مثال ماضی میں کم ملتی ہے۔

آزاد بینچوں یا حکومت میں رہنے کے باوجود پارٹی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی مشرف سمیت سول ڈکٹیٹروں کی ناانصافیوں کے خلاف بلوچستان اور بلوچستانی عوام کے قومی اجتماعی مفادات کو ہمیشہ ترجیح دی اور یہ باور کرایا کہ ناانصافیوں اور مظالم سے مسائل حل نہیں ہوں گے مسائل و مشکلات کا واحد حل بات چیت کے ذریعے ممکن ہے مذاکرات، مفاہمت کے ہی ذریعے مسائل کاحل ممکن ہے ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے ۔

ارباب و واختیار بلوچستان کے ساتھ مثبت روش اپنا کر محرومیوں اور ناانصافیوں کے خاتمے کو یقینی بنائیں بی این پی نظریاتی موقف پر ہمیشہ سے قائم ہے مشرف دور میں پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل سمیت پارٹی کے 800سے زائد اکابرین، کارکنوں کو پابند سلاسل کیا گیا مگر پارٹی اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹی آج بھی اسی موقف پر قائم ہیں پارٹی مثبت جمہوری رجحانات کو پروان چڑھاتے ہوئے جدوجہد کر رہی ہے پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر بلوچستان کے نمائندے ہونے کا حق بہتر انداز میں نبھا رہے ہیں ایسا نہیں کہ ہم اپوزیشن میں ہوں، آزاد بینچوں پر یا اقتدار میں ہوں پارٹی کے موقف میں یکسانیت رہی ہے ذاتی مفادات کی ترجمانی کبھی نہیں کی پارٹی کا مقصد عوام کی خدمات ہے۔

پارٹی بلوچستان سمیت ہر ملک بھر میں مقبولیت کی جانب گامزن ہے بلوچستان کے تمام تر قومی مفادات کی ترجمانی پارٹی نے کی اور ہر فورم پر آواز بلند کرنے کو قومی جمہوری ذمہ داری گردانی اقتدار ہماری کمزوری نہیں عوام کی خدمات چاہئے کسی بھی طبقہ کی ہو حقیقی ترقی و خوشحالی، صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر میں بلوچستان کو مسلسل نظر انداز کیا جاتا رہا ناانصافیوں کی جاتی رہی۔

اس حوالے سے بلوچستان اور ملک کا ہر طبقہ فکر پارٹی کی واضح پالیسی سے واقف ہیں نظریاتی جماعتوں کا شیوا بھی یہی ہے کہ عوام کے احساسات، جذبات، مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے جدوجہد کریں آج پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی، اے این پی کی حکومت ہے ترقی پسند، روشن خیال، قوم دوست، وطن دوست جماعتیں یکجا ہو کر حکومت کر رہی ہیں یقینا حکمرانوں کے سامنے پارٹی موقف رکھنا اور بلوچ و بلوچستانی عوام کو انسانی بنیادی ضروریات کی فراہمی اور بلوچستان کے جملہ مسائل کے حل کیلئے جہد کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف مرکزی حکومت کا یہ عمل قابل ستائش ہے کہ مثبت پالیسیوں کی بدولت بلوچستان کے سیلاب زدگان کو ورلڈ بینک کی جانب سے خطیر رقم فراہم کی جا رہی ہے مرکزی و صوبائی حکومت ذمہ داری ہوگی کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے متاثرین کی مدد کریں جو حقیقی طور پر متاثر ہیں رقم کی استعمال میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے لاکھوں متاثرہ افراد کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے بلوچ اور بلوچستانی عوام کے حقوق عزیز ہیں اور پارٹی اپنا کردار ادا رہے گی۔