|

وقتِ اشاعت :   May 27 – 2023

کراچی: جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ تحریک انصاف ایک دہشت گرد تنظیم ہے اسکا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ جو لوگ جس تیزی کے ساتھ تحریک انصاف کو چھوڑ رہے ہیں وہ آج تک ہر برائی کا حصہ ہیں۔ علما کرام کا تمسخر اڑانے والے ایک دن کی جیل کی گرمی برداشت نہیں کرسکتے۔

9 مئی کی دہشت گردی اور فوجی تنصیبات پر حملوں کے بعد پی ٹی آئی میں ملک دشمن عناصر ہی رہ سکتے ہیں۔ اس موقع پر حافظ خلیل سارنگزئی،بابر قمر عالم،سید اکبر شاہ ہاشمی،مفتی خالد،قاضی امین الحق آزاد اور دیگر موجود تھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ عثمانیہ شیرشاہ میں جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان کے دامادقاری ریاض اللہ اور ساس کی وفات پر اظہار تعزیت کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں عالمی دہشت گردوں کی نمائندہ جماعت ہے۔ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی گٹھ جوڑ سے امریکی اور یہودی لابی کو خوشی ہورہی ہے۔ 75 سال میں بھارتی فوج جو نہ کرسکی عمرانی ٹائیگر فورس نے 9 مئی کو کر دکھایا۔ عمران خان کو ریلیف فراہم کرنا یا ساتھ دینا ملکی مفادات پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مکافات عمل نے عمرانی ٹولے کو نشان عبرت بنادیا ہے۔

کل تک دوسروں کی زندگیوں کے فیصلے کرنے والے آج بے بسی کی بدترین مثال بن گئے ہیں۔ عمرانی ٹولے کے عزائم ملک کو تباہی اور بربادی سے دوچار کرکے ڈیفالٹ کرنا تھا۔