|

وقتِ اشاعت :   May 30 – 2023

کوئٹہ: سنٹرل جیل کوئٹہ میں زیر حراست فارن ایکٹ کے تحت سزائیں پوری کرنے والے تین غیر ملکی قیدیوں کو متعلقہ ملک کے قونصلیٹ تک رسائی دینے کے لئے کوئٹہ سے گڈانی سنٹرل جیل منتقل کردیا گیا جہاں فیڈرل ریویو بورڈ کی ضروری کارروائی کی تکمیل کے بعد انہیں متعلقہ قونصل خانے کے حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

ان قیدیوں میں ایک خاتون اور اس کا کم عمر بیٹا بھی شامل ہے ، بھارتی شہر آسام کی رہائشی اڑتیس سالہ وحیدہ بیگم دختر یونس علی کو ایف آئی اے حکام نے پاک سرحدی علاقے سے اسوقت گرفتار کیا تھا جب وہ اپنی پاکستان آمد سے متعلق کوئی بھی مصدقہ قانونی دستاویزات پیش کرنے سے قاصر رہی تھی خاتون کے ہمراہ اس کا گیارہ سالہ بیٹا بھی تھا ۔

پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور بلوچستان ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بتایا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے فارن ایکٹ کے دفعہ3/14 کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 33/2022 میں ملزمہ کو جرمانہ اور سزا ہوئی جو اس نے پوری کرلی تاہم جیل ایس او پیز کے تحت کوئٹہ سنٹرل جیل سے فارن ڈراپ پوائنٹ گڈانی جیل تک پہنچانے کے لئے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات درکار تھے ۔

اور اس ضمن میں وسائل کی کمی کا سامنا تھا تاہم کمشنر کوئٹہ ڈویڑن کے تعاون سے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات ملک شجاع الدین کاسی نے تمام کارروائی مکمل کی جس پر ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ نے پولیس کی خصوصی سیکورٹی میں خاتون قیدی وحیدہ بیگم اس کے کم سن بیٹے اور دیگر دو بھارتی قیدیوں فیض خان اور شاہ جہاں کو سنٹرل جیل کوئٹہ سے فارن ڈراپ پوائنٹ گڈانی جیل منتقل کردیا جہاں ان قیدیوں کو بھارتی قونصل خانے کے حکام تک رسائی دی جائے گی۔

اور انہیں ان کے ملک بھیجوانے کے لئے فیڈرل ریویو بورڈ کی ضروری کارروائی شروع ہوگی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خاتون قیدی اور بچے سمیت تین بھارتی قیدیوں کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے ضابطے اور رائج طریقہ کار کے مطابق انہیں ڈراپ پوائنٹ گڈانی جیل منتقل کرنا ضروری تھا منتقلی میں تاخیر سیکورٹی کی عدم دستیابی کے باعث ہوئی تاہم جیل حکام اور کمشنر کوئٹہ کے تعاون سے تینوں بھارتی قیدیوں کو گزشتہ روز گڈانی جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بھارتی خاتون قیدی اور ان کے کمسن بیٹے کا معاملہ غیر سرکاری تنظیم ایف ڈی آئی اور کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن بلوچستان کی چیئرپرسن نے بھی اٹھایا تھا جس کے بعد سزا پوری کرنے والی خاتون قیدی وحیدہ بیگم کی رہائی کا عمل تیز کیا گیا اور آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان ملک شجاع الدین کاسی نے تمام قانونی کارروائی کی تکمیل کرتے ہوئے خاتون سمیت تینوں بھارتی قیدیوں کی رہائی کا کیس فیڈرل ریویو بورڈ تک پہنانے میں اپنا کردار ادا کیا ۔