|

وقتِ اشاعت :   May 31 – 2023

خضدار: ڈپٹی کمشنر خضدار کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد نے کہاہے کہ محکمہ تعلیم میں کوئی بھی سمجھوتہ قابل قبول نہیں۔ ضلع بھر میں ناخواندگی کا خاتمہ اور علم کی شمعیں روشن کرنے کے لئے خصوصی منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھنا ہوگا۔

نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا اولین ترجیح ہے اساتذہ اپنے فرض منصبی نبھائیں اور جذبے کے تحت ایجوکیشن کو وقت دیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ تعلیم سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خضدار کو ضلع بھر کیتعلیمی اداروں کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور مسائل کے بارے میں بتایا گیا۔ اٹیچمنٹ سے متعلق بھی ڈی سی خضدار کو آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں تعلیمی معیار ومیرٹ کو بلند رکھنے اساتذہ کی حاضریوں کو یقینی بنانے اور دیگر امور کے بارے میں اہم فیصلے کیئے گئے۔

اجلاس میں اسکولز کو فعال بنانے کے لئے اساتذہ کرام کو ذمہ داریاں پوری کرنے اور ضلع بھر میں ناخواندگی کا خاتمہ و تعلیمی ترقی کے ایجنڈے زیر بحث آئے۔ اجلاس میں فیلڈ آفیسران کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں مختلف تجاویز دیئے گئے اور ان پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے ڈپٹی کمشنر خضدار کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ تعلیم میں سفارش کی کوئی گنجائش نہیں تعلیم بنیادی ضرورت اور قوموں کے روشن مستقبل کے لئے بے حدلازمی ہے ۔

اس لیئے ضروری ہے کہ محکمہ ایجوکیشن منتظمین اور اساتذہ اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ناخواندگی کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں۔ خضدار ضلع میں اسکولز کو فعال بنانے تعلیمی اداروں کو آباد رکھنے کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن کے معیار و میرٹ پر کوئی بھی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جاسکتا یہ ہماری نسل نو کا مسئلہ ہے ہمیں جہالت کی بجائے تعلیم سے روشناس نسل نو تیار کرنا ہوگا اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے اساتذہ پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے فرض منصبی نبہائیں اور درس و تدریس پر بھرپور انداز میں توجہ دیں۔