|

وقتِ اشاعت :   May 31 – 2023

گوادر : گوادر میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ نے ہم گھریلو خواتین کو شدید ذہینی اذیت میں مبتلا کیا ہوا ہے، کھانا پکانے کے اوقات میں کبھی بھی گیس نہیں ملتا، اگر یہ لوڈشیڈنگ بند نہیں ہوئی تو خواتین اس کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار حق دو تحریک خواتین ونگ کے آرگنائزر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا،تفصیلات کے مطابق حق دو تحریک بلوچستان کے خواتین ونگ کے آرگنائزر نے اپنے بیان میں کہا کہ گوادر میں گیس کی بار بار لوڈشیڈنگ نے گھریلو خواتین کو شدید ذہینی اذیت میں مبتلا کیا ہوا ہے کھانا پکانے کے اوقات میں ہی گیس بند ہوجاتا ہے ۔

جبکہ دیگر اوقات میں گیس کی موجودگی کا کوئی فائدہ ہی نہیں. صبح 7 بجے سے 9 بجے، بارہ بجے سے دو بجے اور شام 6 بجے سے 9 بجے تک گیس کا نام و نشان نہیں. پھر یہ گیس کس کام کا،اگر گیس اسٹاک میں نہیں یا ٹیکنیکل مسئلہ یا لیکیج ہے تو بقایا اوقات میں گیس کہاں سے آتا ہے،خواتین آرگنائزر نے کہا کہ یہ لوڈشیڈنگ صرف ہم خواتین کو ذہینی اذیت دینے کے مترادف ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا. اگر اس مسئلے کو فوری طور پر حل نہیں کیا گیا تو گوادر کے خواتین اس ظلم پر بھرپور احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔