|

وقتِ اشاعت :   June 1 – 2023

کوئٹہ: وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی زیرصدارت چیف سیکرٹری آفس میں صوبہ بلوچستان کے جیل ریفارمز کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی محتسب نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو جیلوں میں بند قیدیوں خصوصاً بچوں اورخواتین کے مسائل پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ قیدیوں کو سہولیات کے فراہمی پرفوری عمل درآمد کے لئے بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ صوبہ کے جیلوں کو عصرحاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو تربیت فراہم کرنے کے لئے جیلوں میں ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز کے قیام کو یقینی بنایا جائے تاکہ جیلوں کو قید خانے کی بجائے ایک تربیت گاہ کی شکل دی جاسکے۔

انہوں کہا کہ قیدیوں کے معاملات کو دیکھنے کے لئے ہوم ڈیپارٹمنٹ، جیل خانہ جات و دیگر متعلقہ ادارے ایک کمیٹی تشکیل دے جو وقتاً فوقتاً جیلوں کا دورہ کرکے قیدیوں سے ملاقات کرکے ذاتی طور پران کے مسائل کامشاہدہ کریں اور جیلوں کو درپیش مسائل کو بھی نوٹ کریں اور ان کو حل کرنے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کے باہمی مشورے سے اقدامات اٹھایا جائے۔

قبل ازیں آئی جی جیل خانہ جات نے وفاقی محتسب کو جیلوں میں بند قیدیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ صالح ناصر، وفاقی محتسب بلوچستان سرور بروہی، صوبائی محتسب نذر بلوچ، آئی جی جیل خانہ جات شجاع کاسی اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی موجود تھے۔