|

وقتِ اشاعت :   June 4 – 2023

تربت:  تربت میں ڈینگی وائرس کے وار جاری، دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق ایک شخص ایمرجنسی طور پر کراچی شفٹ کردیا گیا۔ گزشتہ روز کوشقلات میں علی بھٹی کی زوجہ ڈینگی وائرس کے سبب انتقال کرگئی انہیں تربت میں ٹیسٹ کے زریعے ڈینگی کی تشخیص کے بعد علاج شروع کیا گیا تاہم دوران علاج ان کا انتقال ہوا، اسی طرح چاہسر میں بھی اتوار کو ایک خاتون کے ڈینگی وائرس کی وجہ سے وفات ہونے کی اطلاع ہے۔

اتوار کو گوگدان میں حاجی بدل خان نامی شخص کا انتقال ہوا، انہیں گزشتہ مہینہ تربت میں ڈینگی کی تشخیص کے بعد صحت خراب ہونے پر کراچی شفٹ کیا گیا جہاں علاج کے بعد وہ واپس آئے تاہم ان کی صحت سنبھل نہ سکی، ایک مہینہ علالت کے بعد ان کا انتقال ہوا، دو روز قبل جاوید بس ٹرانسپورٹ کے منشی رئیس خلیل نامی شخص کو ایمرجنسی طور پر ڈینگی کے سبب حالت خراب ہونے پر تربت سے کراچی لے جایا گیا جہاں ابھی تک ان کی حالت خراب بتائی جارہی ہے۔

ضلع کیچ میں ڈینگی وائرس کے سبب درجنوں کی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ کم اور وسائل کی کمی سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ محکمہ صحت کی طرف سے ڈینگی وائرس کے تدارک کے لیے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جاسکا ہے۔