|

وقتِ اشاعت :   June 5 – 2023

کوئٹہ: گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے زیر اہتمام 22نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ کے حق میں کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار میں پیر کو اساتذہ کا احتجاجی جلسہ منعقد ہوا جس میں صوبے بھرسے آئے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ کرام نے شرکت کی۔

احتجاجی جلسہ میں اساتذہ کرام بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر اپ گریڈیشن، ٹائم سکیل کی کٹوتی، جونیئر کیڈرز کے پروموشن،ٹائم سکیل کی بحالی، بلوچستان بورڈ کے کرپشن کی اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیشن کا قیام، پری میچور انکریمنٹ کی کٹوتی کے خاتمہ سمیت دیگر مطالبات درج تھے۔جلسے سے گورنمنٹ ٹیچرزایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی حبیب الرحمن مردانزئی، سیکرٹری جنرل سجاد حسین رند، چیئرمین مشاورتی کونسل میر شہباز خان قلندرانی، چیف آرگنائزر حاجی محمد یونس کاکڑ، سینئر نائب صدرگل باران حسنی، وائس چیئرمین مومن خان ترین، سیکرٹری اطلاعات و نشریات شہزادہ حیدر کاکڑ، نائب صدر ثناء اللہ سمالانی اور سیکرٹری ہیڈ آفس محمد صدیق مشوانی نے خطاب کیا۔ جی ٹی اے بی کے مرکزی صدر حاجی حبیب الرحمن مردانزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے جائز حقو ق کے حصول اور حکمرانوں کے بے ۔

حسی کے خلاف اتنی بڑی تعداد میں اس احتجاجی جلسہ میں شرکت پر بلوچستان بھر سے آئے ہوئے اساتذہ کرام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے حل طلب مسائل پر حکومتی عدم توجہی کے باعث سخت لائحہ عمل اپنانا ناگزیز ہو چکا ہے جی ٹی اے بی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے موجودہ حکومت ہٹ دھرمی کی بجائے اساتذہ کے مسائل اور مشکلات کا احساس کرتے ہوئے فوری نوٹیفکیشن جاری کرے۔ مرکزی چیئرمین مشاورتی کونسل میر شہباز خان قلندرانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت اساتذہ کرام کے مسائل کے حل پر کوئی توجہ نہیں دے رہی جان بوجھ کر اساتذہ کرام کو سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے ۔

جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔سیکرٹری جنرل سجاد حسین رند نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر جی ٹی اے بی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد کیا جائے اور اساتذہ کرام کے حقوق غصب کرنے کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائیگی۔ چیف آرگنائزر حاجی محمد یونس کاکڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے اس مہذب دور میں اساتذہ کرام سراپا احتجاج ہیں اور حکومتی غیر سنجیدگی باعث شرم ہے۔دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ کرام کسی بھی صورت اپنے حقوق دستبراد نہیں ہونگے اوراپنے حقوق کے حصول کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔