|

وقتِ اشاعت :   June 5 – 2023

خضدار: ڈپٹی کمشنر خضدار کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد نے کہاہے کہ خضدار میں مال مویشی پالنے کا رجحان زیادہ اور یہ روزگار کا ایک ہم ذریعہ بھی ہے مال مویشیوں کی افزائش نسل اور اس روزگار سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا ظہار انہوں نے محکمہ لائیواسٹاک و ڈیری فارمرز کے آفیسرز اور ڈاکٹرز کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ حیوانات ڈاکٹر انور زہری کی جانب سے ضلع میں اپنے محکمے کی کارکردگی میڈیکل کیمپس لگانے کے حوالے سے بھی ڈپٹی کمشنر خضدار کو بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر ڈاکٹر ظہور زہری ڈاکٹر سکندر علی ڈاکٹر ارسلان سپرینٹڈنٹ ڈیری فارم ڈاکٹر محمد کریم ڈاکٹر الطاف سینئر سپرینٹڈنٹ ڈی سی آفس مراد گزوزئی عبدالسلام زہری بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد کا کہنا تھا کہ خضدار ڈسٹرکٹ کا شمار گلہ بانی کے حوالے سے صوبے کے بڑے اضلاع میں ہوتا ہے۔

یہاں سے پورے ملک میں بھیڑ بکریاں فروخت کیلئے لے جائی جاتی ہیں یہ روز گار کا بڑا ذریعہ بھی ہے۔ مون سون کی بارشوں کے بعد جانوروں کو موسمی بیماریوں سے بچاؤ کے ویکسئین لگانے کے لئے محکمہ لائیو اسٹاک بلوچستان کو ابھی سے تیاری کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مالداروں کو نقصان سے بچایا جاسکے۔