|

وقتِ اشاعت :   June 6 – 2023

کوئٹہ:بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا بجٹ سولہ جون کو پیش کئے جانے کا امکان ہے،محکمہ خزانہ نے بجٹ اجلاس 12 جون کو بلانے کی سمری صوبائی حکومت کو بھجوادی،بجٹ کا حجم سات سو ارب تک ہونے کا امکان ہے۔محکمہ خزانہ بلوچستان کے ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ بلوچستان نے بجٹ بجٹ کو حتمی شکل دینے کا کام تیز کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان کے 2023-24کے بجٹ کا حجم 7 سو ارب تک اور120ارب روپے کے قریب خسارے کا ہونے کا امکان ہے،ذ رائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران بلوچستان میں سیلاب کے دوران ہونے والے اخراجات، ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کے لئے دی گئی امداد کی وجہ سے صوبے نے کم و بیش 40ارب روپے کے اضافی اخراجات کئے ہیں۔

جسکی وجہ سے ترقیاتی بجٹ کا ہجم متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران ترقیاتی بجٹ 200ارب روپے کے لگ بھگ ہوسکتا ہے جس میں صوبے کے تمام صوبائی حلقوں کو یکسان بنیادوں پر ترقیاتی فنڈز دئیے جائیں گے ۔

مختلف محکموں میں پانچ ہزار سے زائد ملازمتیں فراہم کرنے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بیس فیصد اضافے کی تجویز ہے،ذرائع نے بتایا کہ فی الحال صوبے کی جامعات کی گرانٹ ان ایڈ 2.5ارب روپے رکھنے پر ہی اتفاق ہوا تاہم حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔محکمہ خزانہ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران صوبے کے اپنے محصولات سے آمدن 35ارب سے زائد ہونے کا امکان ہے۔ آئندہ بجٹ میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، صحت، تعلیم سمیت دیگر شعبوں کی موجود عمارتوں کی فعالی، لنک روڈز سمیت دیگرمنصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔