|

وقتِ اشاعت :   June 6 – 2023

کوئٹہ:  سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی، نوابزادہ میر رئیس رئیسانی اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر نور محمد قاضی نے مستونگ کے دور افتادہ علاقوں کے عوام کوان کی دہلیز پر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر عبدالرشید محمدشہی کو موبائل میڈیکل یونٹ فراہم کردیا۔

جلد کھڈکوچہ کیلئے بھی ایمبولینس فراہم کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی، نوابزادہ میر رئیس رئیسانی اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر نور محمد قاضی نے چیف آف سراوان و سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی کی ذاتی کوششوں کے نتیجے میں بین الاقوامی ڈونر ادارے سے ملنے والے موبائل میڈیکل یونٹ کی چابیاں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مستونگ ڈاکٹر عبدالرشید محمدشہی کے حوالے کیں اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موبائل میڈیکل یونٹ کو بین الاقوامی ڈونر ادارے نے عطیہ کیا ہے ۔

موبائل میڈیکل یونٹ عصر حاضر کے تمام تقاضوں سے ہم آہنگ ہے جس کے ذریعے مستونگ کے دور افتادہ علاقوں کے عوام کوان کی دہلیز پر طبی سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ ان علاقوں میں مرحلہ وار میڈیکل کیمپس قائم کئے جائیں اور کسی بھی ٹریفک حادثے کے نتیجے میں لوگوں کو بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

ڈی جی ہیلتھ بلوچستان نے کہا کہ بہت جلد کھڈکوچہ کے لئے بھی ایمبولینس فراہم کریں گے انہوں نے کہاکہ مستونگ میں وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کے لیے ڈیجیٹل ایکسرے مشین، لیب کے لئے سی بی سی مشین وافر مقدار میں ادویات فراہم کی گئی ہیں سیلاب کے دوران ادویات کی فراہمی وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کو فعال کرنے کیساتھ ساتھ طبی شعبہ میں بہت سے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔