|

وقتِ اشاعت :   June 6 – 2023

کوئٹہ:وزیراعلی بلوچستان کے بائیکاٹ کے اعلان کے باوجود سینیئرصوبائی وزیر اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی قومی اقتصادی کونسل میں شرکت، قدوس بزنجو کا برہمی کا اظہار،صوبائی وزیر اور چیف سیکرٹری کو ہٹانے پر غور۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اجازت کے بغیراور بائیکاٹ کے اعلان کے باوجود این ای سی اجلاس میں شرکت پر سنئیر صوبائی وزیر نور محمد دمڑ اور چیف سیکریٹری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کاروائی کرنے کا فیصلہ کرلیاوزیراعلی نے وفاقی حکومت کے رویہ کے خلاف این ای سی کے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا،

زرائع کے مطابق بلوچستان کو نظر انداز کرنے کی بنیاد پر وزیراعلی کو وفاقی حکومت سے شدید تحفظات ہیں۔وزیراعلی نے گزشتہ روز ایک بیان میں اپنا واضع موقف پیش کیا تھا جس میں این ای سی اجلاس کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کیا گیا تھا تاہم گزشتہ روزسنئیر صوبائی وزیر نے وزیراعلی کے فیصلے کو ہوا میں اڑا دیا اور اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کرڈالی،

چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ زرائع کے مطابق وزیراعلی نے سنئیر صوبائی وزیر سے وزارت واپس لینے اور چیف سیکریٹری کی خدمات وفاق کو واپس کرنے کیلئے اتحادیوں سے مشاورت شروع کردی۔