|

وقتِ اشاعت :   June 8 – 2023

کوئٹہ: بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک اور قدم، کمیونٹی لیڈ لوکل گورننس پالیسی کا باقاعدہ اجراء کردیا گیا ہے۔محکمہ لوکل گورنمنٹ نے صوبے میں کمیونٹی کی قیادت میں مقامی ترقی کو فروغ دینے کی سمت میں ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے اس موقع پر کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

سی ایل ایل جی پالیسی مقامی ترقیاتی عمل میں نچلی سطح کی برادریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی منظم حوصلہ افزائی کرتی ہے، نچلی سطح کی شناخت شدہ ضروریات اور ترجیحات کو حکومتی سرمایہ کاری سے جوڑتی ہے۔

یہ پالیسی مقامی گورننس کو مضبوط کرے گی اور مقامی حکومت کے تیسرے درجے، لوکل کونسلز اور لوکل کمیونٹیز کو بااختیار بھی بنائے گی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ رورل ڈویلپمنٹ دوستین جمالدینی نے سی ایل ایل جی پالیسی کی ڈیجیٹل لانچنگ کی اور شرکاء کو پالیسی کے بارے میں بریف کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی لوکل گورنمنٹ قادر نائل نے کہا کہ بلوچستان، جو رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔

اپنے شہریوں کی بنیادی ضروریات کو یقینی بنانے میں متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تازہ ترین تخمینوں کے مطابق، صوبے کی آبادی تقریبا 20 ملین ہے، لیکن اس کا وسیع جغرافیائی رقبہ اور آبادی کی تقسیم، جیو اسٹریٹجک محل وقوع اس کے سماجی، معاشی اور سیاسی منظر نامے پر اثر انداز ہوتا ہے صوبے کو پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی کی مناسب سہولیات، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور ذریعہ معاش جیسی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بلدیاتی نظام کئی دہائیوں سے موجود ہے اور گزشتہ برسوں کے دوران اس میں مختلف تبدیلیاں آئی ہیں۔ مقامی حکومتوں کے نظام کے کام کاج کو بہتر بنانے کے لئے بہت سے مسائل اور چیلنجز ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

بلوچستان کا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010 صوبے میں مقامی گورننس کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم تھا۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نظام کے کام کاج کو بہتر بنانے کے لیے مزید اصلاحات کی ضرورت تھی۔ سی ایل ایل جی پالیسی کی قیادت کرنے والے ترمیم شدہ آرٹیکل 87 کے تحت مقامی گورننس میں کمیونٹی اداروں کی شمولیت کو ادارہ جاتی بنانے والی 2022 کی اصلاحات بلوچستان میں ایک سنگ میل ہیں جو اس بات کو یقینی بنائے گی کہ مقامی حکومت زیادہ موثر اور عوام کی ضروریات کے مطابق جوابدہ ہو۔

میں اس موقع پر محکمہ لوکل گورنمنٹ اور تمام متعلقہ اداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ تقریب سے پارلیمانی سیکرٹری ماہجبین شیران، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدلعزیز عقیلی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور فوکل پرسن بریس گل محمد مینگل یو اینڈ ڈی پی کے ہیڈ ذولفقار درانی، اور ٹیم لیڈر ڈی اے آئی پیٹر پورٹئر نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ اداروں کے افسران میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔