|

وقتِ اشاعت :   June 14 – 2023

کوئٹہ: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف ساراوان نواب محمد اسلم رئیسانی نے سیاسی قوتوں کی تقسیم در تقسیم پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں جو کچھ ہورہا ہے یہ پری پول ریگنگ ہے میں اونچی پہاڑ پر بیٹھ کر سب کا جائزہ لے رہا ہوں کہ آصف علی زرداری کیا کررہے ہیں نواز شریف کیا کررہے ہیں ۔

عمران خان کو خود اس کے تکبر نے ڈبو دیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ میں ایک غریب اور عاجز سیاستدان ہوں بلوچستان میں اس وقت چالیس وزراء اعلیٰ ہیں میرا کسی کو انتظار نہیں مجھے بھی کسی کی پرواہ نہیں میں ایک اونچھی پہاڑ پر بیٹھ کر ملک کا جائزہ لے رہا ہوں کہ آصف علی زرداری کیا کررہا ہے ،نواز شریف کیا کررہا ہے اور قوم پرست کیا کررہے ہیں بلوچ قوم پرست پہلے سے تقسیم تھے اب سندھی اور پشتون قوم پرست بھی تقسیم کا شکار ہوچکے ہیں ۔

پشتونخوا میپ کو دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا سیاسی قوتوں کی تقسیم در تقسیم تشویشناک ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو میں ذاتی طور پر پسند نہیں کرتا لیکن اس کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے اس پر افسوس ہے اسے پری پول ریگنگ کہتے ہیں عمران خان کا کبھی میں حامی نہیں رہا ہوں اسے اس کے تکبر نے ڈبو دیا عمران خان سیاسی قیادت کا مزاق اڑا تا تھا کبھی مولانا فضل الرحمان کا مزاق اڑا تا تھا تو کبھی آصف علی زرداری اور نواز شریف کا عمران خان متکبر اور مغرور شخص تھا تکبر صرف اللہ پاک کیلئے مخصوص ہے عمران خان کو اس کے غرور نے ڈبو دیا ۔