|

وقتِ اشاعت :   June 14 – 2023

کوئٹہ: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن مختلف سرکاری محکموں میں اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر آفیسرز کی تعیناتی میں کلیدی کردار کا حامل ہے. صوبے کی سطح پر مختلف محکموں میں تعینات ہونے والے آفیسرز کی کارکردگی اور کنٹریبیوشن کا انحصار کمیشن کے ارکان کی دیانتدارانہ سلیکشن پر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے چیرمین عبدالسالک خان کی قیادت میں کمیشن ممبرز کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ سردست صوبے کے ڈگری یافتہ نوجوانوں کی کثیر تعداد روزگار کی تلاش میں پھیر رہی ہے. طویل بیروزگاری کی وجہ سے نوجوان ذہنی کوفت میں مبتلا ہیں. ان نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی قابلیت کے مطابق مناسب جگہ پر ان کی تعیناتی مشکل مگر ضروری عمل ہے. انہوں نے کہا کہ صوبے کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے اور سماج کے ہر شخص کو اس کی صلاحیت کے مطابق مناسب جگہ پر تعینات کرنے میں کمیشن کے ممبرز کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہیے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں بھرتی سے متعلق امیدواروں کی شکایات دور کرنے کا ایک بہتر طریقہ یہ ہے۔

تمام ملازمین کا انتخاب کمیشن کے ذریعے کیا جائے اس طرح بھرتی کے عمل میں میرٹ کی پاسداری اور شفافیت کے عمل کو یقینی بھی بنایا جا سکتا ہے. آخر میں چیئرمین کمیشن عبدالسالک خان نے گورنر بلوچستان کو ادارے کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔