|

وقتِ اشاعت :   June 15 – 2023

کوئٹہ:  پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے مرتضیٰ وہاب کو کراچی کامیئر اور سلمان عبداللہ مرادکو ڈپٹی میئر، کاشف شورو کو بلامقابلہ مئیر حیدر آباد اور سندھ بھر سے منتخب ہونے والے پی پی پی کے ڈسٹرکٹ کونسلز اور ٹاؤن کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور ڈپٹی چیئرمینوں کو مبارکباددیتے ہوئے امیدظاہرکی ہے کہ نومنتخب میئر ،ڈپٹی میئر اوردیگر چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین عوام کی خدمت کو یقینی بنائیں گے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی پر صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور سمیت تمام قیادت اور کارکنان کو بھی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہاکہ سندھ بھر سے جیالوں کی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی سے یہ ظاہر ہوا کہ عوام کا پاکستان پیپلزپارٹی پر بھرپور اعتماد ہے مرتضٰی وہاب اور سلمان عبداللہ مراد کراچی کے بیٹے ہیں اور امید ہے کہ وہ رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر تمام طبقات کی بھرپور خدمت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر الیکشن کے بعد سندھ بھر کے بلدیاتی انتخابات میں فتح اس بات کی نوید ہے کہ پاکستان میں آئندہ حکومت پیپلزپارٹی کی ہوگی آئندہ عام انتخابات میں عوام کی ووٹ کے طاقت سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم پاکستان منتخب ہونگے اور ملک کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔