|

وقتِ اشاعت :   June 15 – 2023

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی شہرت یافتہ خاتون کرکٹر ناہیدہ خان کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر ان کی پاکستان وومین کرکٹ ٹیم کے لیے خدمات بلوچستان کی خواتین کے لیے ایک رول ماڈل بننے اور شاندار کرکٹ کیریئر کو سراہا ہے وزیر اعلیٰ نے ناہیدہ خان کی کرکٹ سے وابستگی برقرار رکھتے ہوئے کوچنگ کا شعبہ اختیار پر ان کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت اور باہمت خاتون کرکٹر کوچنگ کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آنے والی کرکٹرز کے لیے ایک مثال بنیں گی وزیراعلیٰ نے ناہیدہ خان کی فیملی کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک قدامت پسند معاشرے میں ان کے لئے ان کی فیملی کی طرف سے سپورٹ یقیناً مثالی ہے انہوں نے بھرپور انداز سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر بلوچستان کی نمائندگی کی وزیر اعلیٰ نے کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان کے ساتھ ناروا رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی صوبے میں خواتین کرکٹ کی بہتری کے لیے ان کی خدمات حاصل کریں اور انہیں ایک ایسا ٹاسک دیا جائے تاکہ وہ صوبے میں اپنے جیسی بہت سی ناہیدہ خان بنائیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ امر ہمارے صوبے کے لیے قابل فخر ہے۔

وہ بین الاقوامی سطح پر ہمارے صوبے کی پہچان بنی ہیں ایک ایسا علاقہ سے کرکٹ کی دنیا میں آنا کہ جہاں خواتین کی کسی بھی شعبے میں نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے یہ ہم سب کے لیے باعث تقویت ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ناہیدہ خان نے ثابت کیا ہے کہ بلوچستان کی بچیاں کسی سے کم نہیں اور نہ ہی ان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی ہے انہوں نے کہا کہ ناہیدہ خان ہمارے صوبے کا اثاثہ ہیں جن پہ ہم سب کو فخر ہے وزیر اعلیٰ نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے ناہیدہ خان کی خدمات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم میں ناہیدہ خان کی جگہ نہیں بنتی تو انہیں خواتین کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ کا حصہ بنایا جائے۔

اور ان کی خدمات سے بھرپور انداز سے مستفید ہو ا جائے تاکہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ہماری شاندار خاتون کرکٹر صوبہ بھر کی بچیوں کے لیے ملک اور صوبے کا نام قومی اور بین الاقوامی سطح پر روشن کرنے کے لئے ایک اعلیٰ مثال بنیں۔