امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک شہزادہ کہتا ہے کہ جیسے اس نے میئر کراچی کا الیکشن جیتا ویسے ہی اپنی جماعت کا پورے ملک کا الیکشن بھی جتوائے گا۔
سراج الحق کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کراچی میں عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا مارا گیا، کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں 177 والے جیت گئے اور 193 والے ہار گئے، پیپلز پارٹی نے الیکشن نہیں جیتا بلکہ اغوا برائے تاوان کی کارروائی کی، پیپلز پارٹی نے سوا 3 کروڑ لوگوں کے حق پر ڈاکا ڈالا۔
ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی کہتی ہے شہزادے کی خواہش تھی کہ میئر کراچی پیپلز پارٹی کا ہونا چاہیے، کراچی کے الیکشن کے بعد الیکشن کمیشن نے اپنا وقار ختم کر دیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو صاحب آپ کراچی کے شہریوں کا مینڈیٹ ہضم نہیں کر سکیں گے، جماعت اسلامی گلی کوچوں اور چوراہوں میں آپ کا پیچھا کرے گی، چوری کا مال واپس لیکر کراچی کے عوام کو بطور تحفہ پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے اپنے بچوں کی خاطر جماعت اسلامی پر اعتماد کیا، پیپلز پارٹی برسر اقتدار ہے، نہ لاڑکانہ کو ترقی دی نہ سکھر کو نہ حیدرآباد کو، 23 جون کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج ہو گا،
کراچی کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے والوں کے خلاف عدالت بھی جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا ہمارا مطالبہ ہے 30 افراد کو لایا جائے، الیکشن کا دوبارہ انعقاد کرایا جائے، 1977 میں بھی آپ لوگوں نے دھاندلی کی کوشش کی تھی، ہر قیمت پر چوری کرنے والوں سے چوری کا مال واپس لیں گے۔
سراج الحق کا کہنا تھا پی ڈی ایم کے ایک وعدے پر عمل نہ ہوا اور اس وقت ملک میں بدترین کرپشن ہے، بےامنی اور غیر یقینی کی صورتحال سے ملکی معیشت تباہ ہو گئی، پارلیمنٹ میں جھگڑے، فساد، گالم گلوچ ہے اور عوامی مسائل پر بات نہیں ہوتی۔
خیال رہے کہ جماعت اسلامی نے اس سے قبل 16 جون کو بھی کراچی میں شاہراہ قائدین پر میئر اور ڈپٹی میئر کے الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا۔