|

وقتِ اشاعت :   June 22 – 2023

اسلام آباد :  قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے بلوچستان نے متفقہ طور پر بلوچستان کے مقامی لوگوں کیلئے 6 فیصد ملازمت کے کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ شمالی وزیرستان اور لکی مروت میں بھی مقامی آبادی کو گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے بلوچستان کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے بلوچستان کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر بلوچستان کے مقامی لوگوں کیلئے 6 فیصد ملازمت کے کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

کمیٹی نے او جی ڈی سی ایل، ایس این جی پی ایل، پی پی ایل اور دیگر کمپنیوں کو 6 فیصد مقامی ملازمت کوٹہ کے حوالے سے ایک ہفتے میں کمیٹی کے سامنے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قدرتی وسائل پر سب سے پہلا حق مقامی آبادی کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان اور لکی مروت میں بھی مقامی آبادی کو گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔کمیٹی نے سیکرٹری پٹرولیم و گیس کو تمام گیس فیلڈز خاص طور پر جھل مگسی، سوئی، ڈیرہ بگٹی، شمالی وزیرستان اور لکی مروت کے پانچ کلومیٹر دائرے میں گیس فراہمی کیلئے سروے مکمل کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت۔

کمیٹی نے ڈیرہ بگٹی کے گیس فیلڈ کی اراضی مالکان کو معاوضہ دس دن کے اندر ادا کرنے اور اس گیس فیلڈ میں غیر استعمال شدہ زمین کا ایک ماہ میں سروے مکمل کرکے رپورٹ کیمٹی کو پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء خورشید احمد شاہ، شاہ زین بگٹی، محمد اسرار ترین، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان، ممبران قومی اسمبلی رمیش لال، سردار ریاض محمود مزاری، خالد حسین مگسی، پروفیسر ڈاکٹر شہناز بلوچ اورمحمد جنید چودھری نے بھی شرکت کی۔