|

وقتِ اشاعت :   June 23 – 2023

بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ارکان کی عدم دلچسپی اجلاس پانچ منٹ تک جاری رہنے کے بعد کورم کی نشاندہی پر ملتوی
کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ارکان کی عدم دلچسپی اجلاس پانچ منٹ تک جاری رہنے کے بعد کورم کی نشاندہی پر ملتوی، بجٹ پر بحث نہیں ہوسکی۔ جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کااجلاس ڈپٹی اسپیکرسرداربابرموسی خیل کی زیرصدارت ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔

اجلاس کے آغاز پر جمعیت علماء اسلام کے رکن مولوی نور اللہ نے کورم کی نشاندہی کردی ڈپٹی اسپیکر نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ اجلاس میں کورم کی نشاندہی نہیں کی جاسکتی تاہم سیکرٹری اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر کو بتایا کہ کورم کی نشاندہی کی جاسکتی ہے البتہ روایات میں ایسا نہیں کیا جاتا۔بعدازاں ایوان میں پانچ منٹ تک کورم پورا کرنے کیلئے گھنٹیاں بجائی گئیں تاہم اس دوران65ارکان کے ایوان میں 10سے کم ارکان ایوان میں موجود تھے جبکہ کورم پورا کرنے کے لئے کم سے کم 17ارکان کا ایوان میں موجود ہونا ضروری ہے۔کورم پورا نہ ہونے کے باعث اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر 2بجے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔آج اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان مالیاتی مسودہ قانون 2023پیش کیا جائے گا جبکہ بجٹ پر بھی بحث جاری رہے گی۔