|

وقتِ اشاعت :   June 23 – 2023

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ضلع خضدار کی تحصیل وڈھ میں قبائلی تنازعہ کے حل کی جاری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا ہے کہ فریقین تحمل برداشت اور بردباری کا مظاہرہ کرینگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ تنازعات کا باہمی گفت وشنید کے ذریعہ حل ہمارے قبائلی معاشرے کی دیرینہ اور مضبوط روایات کا حصہ ہے اور یہ امر باعث اطمینان ہے ۔

علاقے کے سیاسی قبائلی اور مذہبی عمائدین بھی اس حوالے سے اپناکردار ادا کر رہے ہیں جبکہ اراکین صوبائی اسمبلی زابد ریکی احمد نواز بلوچ اختر حسین لانگو یونس عزیز زہری سابق صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو قبائلی عمائدین اور علماء کرام کی تنازعہ کے پر امن حل کیلئے پر خلوص کوششیں قابل تعریف ہیں اسکے ساتھ ساتھ کمشنر قلات اور ڈپٹی کمشنر خضدار بھی دیرینہ تنازعہ کے حل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ حکومت قبائلی تنازعہ کے پر امن حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔صوبائی و زیر داخلہ میر ضیا ء لانگو اور آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ فریقین کا موقف جاننے اور قبائلی عمائدین کے تعاون کے حصول کے لئے وڈھ میں موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ قبائلی تنازعات امن کے قیام میں رکاوٹ بنتے ہیں اور قبائلی تنازعات سے ہمیشہ نقصان فریقین اور علاقے کے لوگوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا ہے کہ قبائلی تنازعہ کے پر امن حل میں حائل رکاؤٹوں کو دور کیا جائیگا۔ وڈھ کے دیرینہ قبائلی تنازعہ کا رواداری اور افہام و تفہیم کی فضا میں حل اور دیرپا امن کا قیام سب کے مفاد میں ہوگا انہوں نے کہا کہ وہ وزیر داخلہ سے مسلسل میں رابطہ میں رہتے ہوئے صورتحال سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں اور تنازعہ کے پر امن حل کیلئے فریقین کے صبر و تحمل پر انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔