|

وقتِ اشاعت :   June 25 – 2023

کوئٹہ:  کوئٹہ سمیت بلو چستان کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیاجبکہ وادی زیارت اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری کے بعد مقامی ندی نالوں میں طغیانی سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔اتوار کو وادی کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، کوہلو، خضدار، قلات لورالائی،ژوب، بارکھان، نوشکی اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جا ری رہا۔

بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ وادی زیارت میں موسلا دھار بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کے بعدندی نالوں میں طغیانی کے باعث زیارت شہر اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ و رچوم کے مقام پر زیارت کوئٹہ شاہراہ پر بھی ٹریفک متاثر ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں بعد ازاں ٹریفک کو بحال کردیا گیا۔

ضلع کوہلو، قلات، خضدار، قلعہ سیف اللہ کے مختلف علاقوں میں تیزہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش کے بعد مختلف علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج (پیر) کو صو بہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کے ساتھ ساتھ زیارت، لورالائی،ژوب، بارکھان،کوہلو، قلات،خضدار، نوشکی اور ملحقہ علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی متوقع ہے۔