|

وقتِ اشاعت :   June 27 – 2023

کوئٹہ: صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے انجینئر زمرک خان اچکزئی کی زیر صدارت بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بورڈ) کا نواں اجلاس منعقد ہوا۔

بی ایف اے ہیڈ آفس (کوئٹہ) میں منعقدہ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی و بورڈ ممبر نصراللہ زیری، صوبائی سیکرٹری خوراک مجیب الرحمٰن پانیزئی اور ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی،متعلقہ محکموں کے آفیسران کے علاوہ تاجر تنظیموں و چیمبر آف کامرس بلوچستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ ہیومن ریسورس میں اضافے کیلئے بامعاوضہ انٹرنز کی بھرتی، عوامی آگاہی کیلئے ڈیجیٹل اسٹوڈیو جہاں مستند ماہرین غذا متوازن و بہترین غذائیت کے حوالے سے عوام کو راہنمائی فراہم کریں گے کے قیام، ہائبرڈ سولر سسٹم کی تنصیب اور مختلف مالی امور سمیت مختلف فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔

صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے انجینئر زمرک خان اچکزئی کا اس موقع پر کہنا تھا بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کاروائیوں و اقدامات کی بدولت اب کھانے پینے کے کاروبار میں پیشہ وارانہ مہارت اور اشیاء کی کوالٹی کا خیال رکھا جا رہا ہے ۔

جس سے بہتری آرہی ہے۔ ہمارا مشن صحت مند معاشرہ ہے کیونکہ لوگوں زیادہ تر بیماریاں غیر معیاری اشیائخوردونوش کے استعمال کے سبب ہورہی ہیں۔ اگر فوڈ انڈسٹری ٹھیک ہوجائے تو ہسپتالوں پر بوجھ کافی حد تک کم ہو جائے گا۔ ملاوٹ مافیا و ناقص خوراک فراہم کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کیلئے بی ایف اے کی کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔

خوردنی اشیاء کے معیار کی مزید بہتری اور اس حوالے سے عوام و خوردنی اشیاء کے کاروبار سے منسلک افراد کی آگاہی کیلئے ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر و مؤثر بنانے کیلئے اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے، اس ضمن میں ادارے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور افسران کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ عوام تک صحت بخش و محفوظ خوراک کی فراہمی کا مشن بغیر کسی تعطل کے کامیابی سے جاری رکھا جاسکے۔