|

وقتِ اشاعت :   June 27 – 2023

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ہرنائی کے قریب مانگی کے علاقے میں کوئلے سے لوڈ متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

جبکہ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر داخلہ کو ہرنائی ضلع میں امن امان کی بگڑتی صورتحال کی وجوہات کے جائزہ کے لئے فوری طور پر متعلقہ حکام علاقے کے عمائدین اور کوئلہ کان مالکان کا اجلاس منعقد کرکے صورتحال کی بہتری کے لیئے ٹھوس اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت کی ہے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی کارائیوں سے ناصرف علاقہ مکین عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔

بلکہ کوئلہ کی صنعت سے وابستہ لوگوں کا روزگار بھی خطرے میں ہے اس صورتحال کو مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سماج دشمن اور دہشت گرد عناصر پرامن علاقے میں خوف و ہراس پیدا کرکے اپنے مزموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں ۔

تاہم ہرنائی کے غیور اور محب وطن عوام کی تائید و حمایت سے حکومت دیرپا امن ہر صورت قائم کریگی اور ایسی بزدلانہ کاروائیوں میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔