|

وقتِ اشاعت :   July 2 – 2023

خضدار: جھالاوان عوامی پینل کے سٹی آرگنائزر سردارزادہ میرشہزاد غلامانی ڈپٹی آرگنائزر رئیس محمدصادق گزگی مینگل سیکرٹری ظفر تاج میروانی نے کہا ہے کہ ثالین قبائلی عمائدین انتظامیہ و حکومت کی درخواست اور عید کے باعث عوام کو درپیش سفری مسائل کے پیش نظر وڈھ کی کشیدہ صورتحال پر جھالاوان عوامی پینل کی جانب سے آج بروز پیر ہونے والی پہیہ جام ہڑتال کو وقتی طور پر موخر کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جھالاوان عوامی پینل کے سنیئر رہنماوں رئیس عبدالصمد گزگی مینگل سعید احمد قلندرانی سعداللہ گنگو۔حاجی محمد اکرم جتک حافظ علی اکبر محمد زئی مینگل سمیت جھالاوان عوامی پینل کے سینکڑوں کارکنان موجود تھے ۔

جھالاوان عوامی پینل کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ وڈھ گزشتہ پندرہ دنوں سے ایک قبائلی سردار اور اس کے بھائی کے مسلح جتھوں کے ہاتھوں میں یرغمال ہے پورے شہر کا محاصرہ کیا گیا ہے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں اسکولوں ہسپتالوں سمیت تمام سرکاری املاک پر قبائلی سردار کے مسلح جتھے قابض ہو کر بیٹھے ہوئے ہیں وڈھ کے کشیدہ صورتحال پر ہم دفاعی پوزیشن میں ہیں ہمارے قائد میر شفیق الرحمن مینگل پر یہ جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ہم دفاعی پوزیشن پر ہیں۔

اس کے باوجود ہمارے قائد کا جہاں سیاسی تعلق ہے وہیں وہ قبائلی روایات کا امین اورایک قبائلی زمہ دار بھی ہیں اس لئے اس کشیدہ صورتحال پر خان آف قلات کے فرزند آغا محمد جان احمد زئی قبائلی شخصیات سردار محمد اسلم بزنجو سردار نصر اللہ ساسولی صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو۔علماء کرام مولانا قمر الدین مولانا فیض محمد دیگر معززین نے ہمارے قائد میر شفیق الرحمن مینگل سے رابطہ اور ملاقاتیں کیں میر شفیق الرحمن مینگل نے انہیں یقین دلایا کہ ہم قبائلی لوگ ہیں علاقہ و قبائلی رسم و رواج کا پاس رکھنے والے لوگ ہیں اس معاملے کو قبائلی و علاقے کے رسم و رواج اور روایات کے تحت حل کرنا چاہتے ہیں ۔

جبکہ دوسرا فریق ہٹ دھرمی سے کام لے رہا ہے اور علاقے کا امن تہہ و بالا کرنے پر تلا ہوا ہے ہم وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ ہم پر امن لوگ ہیں اس وقت ہم جو اقدامات اٹھا رہے ہیں وہ اپنی دفاع کے لئے اٹھا رہے ہیں اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا اچھی طرح جانتے ہیں ۔

اگر کسی نے پہل کرنے کی کوشش کی تو ردعمل سخت ہو گا جھالاوان عوامی پینل کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں روڈ بلاک کرنے سیمسافروں کو تکلیف پہنچانا اسلامی اور بلوچی روایات کے منافی عمل ہے قومی شاہراہ بلاک کرنے سے عوام جس تکلیف و پریشانی سے گزرتے ہیں ہمیں اس بات کا ادراک ہے لہذا ثالثین انتظامیہ کی درخواست اور عوام الناس کو تکلیف سے بچانے کی خاطر کل تین جولائی کو ہونے والے پہیہ جام ہڑتال کو موخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس بات کی بھی وضاحت کرتے ہیں کہ ہمارے مخالفین نے جس بھی غیر سنجیدہ عمل کا مظاہرہ کیا ہم ردعمل میں اس سے سخت قسم کا ردعمل دکھائیں گے۔