|

وقتِ اشاعت :   July 2 – 2023

تربت:  نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں عوام کے مینڈیٹ پر زبردستی ڈاکہ ڈال کر عوام کو حق حکمرانی سے محروم کردیا گیا،برسراقتدار ٹولے نے عوام اور بلوچستان کے مفادات پر اپنے مفادات کو ترجیح دی۔

یہ بات انہوں نے تربت میں پارٹی کے مرکزی و ضلعی قائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی کا جو آگ مشرف دور میں لگایا گیا اس کی تپش میں کمی نظر نہیں آرہی ہے ہم نے اس آگ کو بجانے کی کوشش کی لیکن زورآور طبقے کو یہ پسند نہیں ہوا۔ اسلام آباد کی ترجہات میں ابھی تک بلوچستان کے عوام نہیں ہیں۔

انھیں بلوچستان کے وسائل اور جغرافیہ سے دلچسپی ہے لیکن بلوچستان کے استحصال زدہ اور مظلوم عوم سے کوئی سروکار نہیں۔ اسلام آباد کو اپنا مائنڈسیٹ تبدیل کرنا ہوگا عوام کے حق حکمرانی کو تسلیم کرنا ہوگا جب تک عوام کے حق حکمرانی اور مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا جائے گا حالات کی بہتری کی امید نہیں کی جاسکتی ہے۔