|

وقتِ اشاعت :   July 2 – 2023

کوئٹہ:  پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ جامعات اعلیٰ تعلیم کے حصول اور نوجوانوں کو آنے والے وقت کے چیلنجز سے نبردآزماہونے کے لئے تیار کرنے والے ادارے ہیں۔

صوبے میں جامعات شدید مالی بحران کا شکار ہیں جبکہ رواں سال کے بجٹ میں ایک بار پھر جامعات کی گرانٹ ان ایڈ میں اضافہ نہیں کیا گیا، صوبائی حکومت فوری طور پر جامعات کی گرانٹ میں کم از کم 1ارب روپے کا اضافہ کرے۔

یہ بات انہوں نے جامعات کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع انتہائی کم ہیں 18ویں ترمیم کے بعد یہ صوبے کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبائی سطح پر ایچ ای سی قائم کر کے جامعات کی بہتری، ریسرچ، مالی بحران کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرے لیکن بد قسمتی سے اب تک صوبے میں 18ویں ترمیم کے بعد اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی جامعات آج شدید مالی بحران کا شکار ہیں ہر دو ماہ بعد استاتذہ اور ملازمین کو کئی کئی ماہ تک تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جاتی جس سے استاد کلا س روم میں پڑھانے اور ریسرچ کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو باصلاحیت اور ہنر مند بنانے میں جامعات کا اہم کردار ہے۔

یہی ادارے ہمارے نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے تیار کریں گے لیکن اس وقت حکومت کی توجہ جامعات کے مسائل کے حل کی جانب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فوری طور پر جامعات کی گرانٹ ان ایڈ میں نہ صرف اضافہ کرے بلکہ ان کے مالی اور انتظامی مسائل کے حل کے لئے حکمت عملی بھی مرتب کرے۔