|

وقتِ اشاعت :   July 3 – 2023

کوئٹہ:  بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر غلام نبی مری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں کامیاب پہیہ جام ہڑتال نے ثابت کر دیا ہے کہ بی این پی کو بلوچستانی عوام کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہے۔

اور یہاں کے باشعور عوام کسی بھی صورت غیر جمہوری اور نادیدہ قوتوں کے پارٹی کے خلاف کسی سازش کو برداشت نہیں کریں گے وڈھ و بلوچستان بھر میں قوم دوستی کی سیاست کو کمزور کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے مگر آج کے کامیاب پہیہ جام ہڑتال نے ان کی سازشوں کو خاک میں ملا دیا ہے اربا ب و اختیار مزید بلوچستان میں ڈیرہ بگٹی کوہلو کے واقعات کو دہرانے سے گزیر کریں۔

سردار اختر جان مینگل بلوچستانی عوام کی موثر آواز ہیں وہ ایک فرد نہیں نظریہ کا نام ہے جنہوں نے پانچ سالوں کے دوران قومی اسمبلی میں جس انداز میں لاپتہ فراد کی بازیابی اور بلوچستانی عوام کی آواز کو ملکی و بین القوامی سطح پر پیش کیا اس کا کوئی سیاسی طور پر مقابلہ نہیں کر سکتا یہی وجہ ہے کہ وہ سازشوں اور منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے ایک بار پھر سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی پالیسیوں کو تقویت دینا چاہتے ہیں لیکن ارباب و اختیار نوشتہ دیوار سے سبق حاصل کریں کہ آج بلوچستان جس ڈگر پرچل رہا ہے اور جو غیر یقینی صورتحال ہے۔
یہ نادیدہ قوتوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے ڈمی قیادت متعارف کرانے کی کوشش کی اکیسویں صدی میں ایسے حربے کامیاب نہیں ہوں گے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 8جولائی کو بلوچستان بھر میں مرکزی کال پر احتجاجی مظاہروں اور 14جولائی کو شٹر ڈاون ہڑتال کو کامیاب بنا کر یکجہتی کا اظہار کریں۔