|

وقتِ اشاعت :   July 6 – 2023

مستونگ:  چیئرمین ضلعی کونسل مستونگ کیلئے جمعیت علماء اسلام، گرینڈ الائنس اور اتحادیوں کے نامزد امیدوار عزیز احمد سرپرہ نے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے مخالف پینل کو کس طرح تشکیل دیا گیا اور کن عناصر کو کیسے یکجا کیا گیا مستونگ اور بلوچستان کے عوام اس گہری سازش اور مذموم مقاصد سے بخوبی آگاہ ہیں۔

یہ بات انہوںنے جمعرات کے روز ضلعی کونسل کے اراکین، کونسلروں اور کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، عزیز احمد سرپرہ نے مزید کہا کہ مستونگ کی سرزمین روز اول سے سیاسی روایات کی امین رہی ہے، ہمارے پینل کے کونسلران دھونس، دھمکی، لالچ اور جبر کے باوجود ثابت قدم رہے ان کے ثابت قدم رہنے کو بلوچستان اور بالخصوص مستونگ کی سیاسی تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھا اور یاد رکھا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ہمارے پینل اور اتحادیوں نے تمام نامناسب حالات جبر، دھونس، لالچ اور مراعات کے مقابلے میں شعوری، سیاسی اقدار اور عوامی مفادات کو ترجیح دی۔ انہوںنے کہا کہ ہماری واضح اکثریت کو ہارس ٹریڈنگ اور لالچ کے ذریعے تبدیل کیا گیا۔

تاہم ہمارا پینل اخلاقی، سیاسی طور پر فتح یاب ہوا ہے، ہمارے مخالف پینل کو کس طرح تشکیل دیا گیا اور کن عناصر کو کیسے یکجا کیا گیا مستونگ اور بلوچستان کے عوام اس گہری سازش اور مذموم مقاصد سے بخوبی آگاہ ہیں۔