|

وقتِ اشاعت :   July 7 – 2023

خضدار : ڈسٹرکٹ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات مکمل،پیپلز پارٹی اوراس کے اتحادی جھالاوان عوامی پینل کے امیدواروں نے میدان مار لیا،سہ جماعتی اتحاد کے امیدواروں کو شکست کا سامنا،میر صلاح الدین زہری چیئرمین اور میرحاجی محمد اقبال مینگل وائس چیئرمین منتخب ہو گئے،ڈسٹرکٹ کونسل کے منتخب 79 اراکین سے ریٹرننگ آفسر و اے ڈی سی خضدار سراج کریم بلوچ نے حلف لیا،تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ چیئرمین و وائس چیئرمین کے انتخابات جمعرات کے روز ڈسٹرکٹ کونسل خضدار کے ہال میں منعقد ہوئے ڈسٹرکٹ چیئرمین کے لئے سہ جماعتی اتحاد جس میں بلوچستان نیشنل پارٹی،نیشنل پارٹی اور جمعیت علماء اسلام شامل تھے۔

کے مشترکہ امیدوار سردار نصیر احمد موسیانی اور پاکستان پیپلز پارٹی و جھالاوان عوامی پینل کے مشترکہ امیدوار حاجی صلاح الدین زہری نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ وائس چیئرمین کے لئے سہ فریقی اتحاد کی جانب سے سردار زادہ یوسف علی قلندرانی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور جھالاوان عوامی پینل کی جانب سے میر محمد اقبال مینگل نے کاغذات نامزدگی پریزائڈنگ آفسر عبدالرحمن گنگو کے پاس جمع کروائے پولنگ کا عمل پر امن طریقے سیاختتام کو پہنچی اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

ڈپٹی کمشنر خضدارکیپٹن (ر) جمیل احمد بلوچ اور ایس ایس پی خضدار فہد خان کھوسہ نے پولینگ اسٹیشن کا دورہ کیا انتخابات اور سیکورٹی کا بھی جائزہ لیا ریٹرننگ آفسر خضدار کی جانب سے جاری کردہ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تمام 79 کونسلران نے اپنا رائے حق دہی کا استعمال کیاجس میں ایک ووٹ مسترد ہواجبکہ پاکستان پیپلز پارٹی و جھالاوان عوامی پینل کے مشترکہ امیدوار میر صلاح الدین زہری نے 44 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مد مقابل سہ فریقی اتحاد کے سردار نصیر احمد موسیانی 34 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے اسی طرح غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق وائس چیئرمین کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی اور جھالاوان عوامی پینل کے مشترکہ امیدوار میر محمد اقبال مینگل نے 43 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ سہ فریقی اتحاد کے سردار زادہ میر یوسف علی قلندرانی نے 36 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر فاضل بلوچ نے رٹرننگ آفسر کے ساتھ معاونت کی جبکہ حاجی الہی بخش زہری میر صلاح الدین زہری اورعلاؤالدین زہری کے پولینگ ایجنٹ اور میر شفیق الرحمن ساسولی و بشیر احمد عثمانی سہ فریقی اتحاد کے امیدوار سردار نصیر احمد موسیانی کے ایجنٹ تھے واضح رہے پولینگ کے موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل ہال و اطراف میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے پولیس،اے ٹی ایف اور لیویز کے جوان سیکورٹی پر معمور تھے تا ہم پولنگ کا عمل پر امن طریقے سے اختتام کو پہنچا۔