|

وقتِ اشاعت :   August 2 – 2023

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کا بلوچستان میں مضبوط اور مستحکم ہونا کچھ لوگوں کو ہضم نہیں ہورہا، مسلم لیگ(ن) میں شمولیتوں کو اسٹیبلشمنٹ کی مدد کا نام دینے والے دیگر سیاسی جماعتوں میں شمولیتوں پر کیوں تنقید نہیں کرتے، مسلم لیگ(ن) سے خوفزدہ عناصر اب منفی پروپگینڈے پر اتر آئے ہیں لیکن انکی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔

شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) میں سیاسی اور قبائلی رہنماؤں کی شمولیت کو بعض لو گ حکومتی اور اسٹیبلشمنٹ کا اثر و رسوخ قرار دے رہے ہیں ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت گزشتہ 16ماہ سے موجود ہے اور حکومت اور اسٹیبلمشنٹ کا استعمال کرنا ہوتا تو مسلم لیگ(ن) پہلے ہی یہ سلسلہ شروع کرسکتی تھی ۔

لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ ایک سال سے تمام سیاسی جماعتوں میں لوگوں کی شمولیتوں کا سلسلہ جاری ہے صرف اور صر ف مسلم لیگ(ن) کو ہدف تنقید بنانے کا مقصد سمجھ سے بالا تر ہے بعض لوگوں کو مسلم لیگ(ن) کی مقبولیت ہضم نہیں ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ سیاسی میدان میں معرکہ مارے ہیں نہ کبھی کسی کا ہاتھ ہمارے پیچھے رہا ہے اور ہم نے کبھی کسی کا سہارا لیا ہے ہماری سیاست کا مہور اعتماد اور اعتبار ہے اور ہم اس اعتماد اور اعتبار پر پورا اترتے ہوئے صوبے کے عوام کی خدمت کو جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست آج کی نہیں بلکہ 1990کی دہائی سے ہمارا ایک ہم خیال سیاسی گروپ ہے جو ایک دوسرے کی مشاورت سے ہمیشہ سے چلتا آیا ہے یہی وجہ ہے کہ آج لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم پر اعتماد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے خلاف جتنابھی پروپگنڈا کیا جارہا ہے یہ ناکام ہوگا اور مسلم لیگ(ن)بلوچستان سے ایک مضبوط سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔