وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور اتحادی جماعتوں نے مشترکہ اجلاس کے دوران وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کو نگراں وزیراعظم کی نامزدگی کا اختیار دے دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پی ڈی ایم اور اتحادیوں کا اجلاس ہوا۔ پی ڈی ایم اور حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس ویڈیو لنک پر ہوا۔اجلاس میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنما شریک ہوئے ۔ اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں نگران وزیر اعظم کے نام اور نگران سیٹ اپ پر وزیر اعظم سے مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں نے نگران وزیر اعظم کیلئے نامزدگی کا اختیار وزیراعظم شہباز شریف کو دے دیا۔ پی ڈی ایم اور اتحادیوں نے وزیراعظم شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم جسے مناسب سمجھیں نگران وزیر اعظم کیلئے نامزد کردیں۔ اسی کے ساتھ پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں نے وزیر اعظم کو اپوزیشن لیڈرسے نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کی بھی منظوری دے دی۔
بہرحال مرکز میں نگراں حکومت اپنی آئینی اختیارات میں رہ کر کام کرے کسی طرح بھی فریق نہ بنے جس سے گورننس سمیت عام انتخابات پر سوالات اٹھیں کیونکہ اس وقت ملک مختلف چیلنجوںکا سامنا کررہا ہے خاص کر سیاسی اور معاشی چیلنجز موجود ہیں جنہیں احسن طریقے سینمٹانا اب نگراں حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
تمام سیاسی جماعتوں نے اب عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور پنجاب سب کی توجہ کا مرکز بنے گا، ہر بڑی جماعت کی کوشش ہوگی کہ وہ پنجاب میں معرکہ مارے تاکہ اکثریت لے کر اقتدار تک باآسانی رسائی حاصل کرسکے یقینا اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی ہوگی۔ پنجاب میں خاص کر مقابلہ تگڑا ہوگا بڑی جماعتیں، نئی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے ۔امید ہے کہ شفاف انتخابات ہونگے تاکہ عوامی مینڈیٹ لینے والی جماعت برسر اقتدار آئے اور جمہوریت کا تسلسل چلتا رہے تاکہ ملک میں معاشی و سیاسی استحکام آسکے۔