|

وقتِ اشاعت :   August 11 – 2023

کوئٹہ: بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر عرفان سعید ، جنرل سیکرٹری منظور احمد اور کابینہ کے دیگر ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس میں اہم پیشرفت باعث اطمینان ہے انہوں نے کہا ہے کہ شہید صحافی واحد رئیسانی قتل کیس میں اشتہاری ملزمہ جمعرات کے روز ضلع کچہری میں پکڑی گئی،

پولیس نے ورثاء کی نشاندہی پر ملزمہ کو حراست میں لیکر متعلقہ عدالت میں پیش کیا۔

دونوں رہنما?ں نے ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن ریٹائرڈ زوہیب محسن کے فوری نوٹس لینے اور ایس ایچ او سول لائن مٹھا خان کی فوری کارروائی پران کا شکریہ ادا کیا ہے۔

دریں اثناء بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر عرفان سعید ، جنرل سیکرٹری منظور احمد نے شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے بھائی اسفند یار رئیسانی سے رابطہ کیا اور واحد رئیسانی قتل کیس میں اہم پیشرفت ہونے سے متعلق تبادلہ خیال کیا دونوں رہنمائوں نے کہاکہ شہید صحافی کے اہلخانہ نے ڈھائی سالوں کے دوران صبر آزماء جدوجہد کرتے ہوئے انصاف کے حصول کیلئے ہر آئینی وقانونی فورمز پر رجوع کیا ان کی جہد مسلسل کے نتیجے میں قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے شہید صحافی کے بھائی نے بی یو جے قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس عبدالواحد رئیسانی قتل کیس میں شروع دن سے متاثرہ خاندان کی آئینی و قانونی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور امید ہے آئندہ بھی کھڑی رہے گی۔