بنگلا دیش میں جماعت اسلامی کے نائب امیر مولانا دلاور حسین سعیدی کا جیل میں انتقال ہوگیا۔
خبرایجنسی کے مطابق اتوار کو 83 سالہ مولانا دلاور حسین کو جیل میں دل کا دورہ پڑا جس پر انہیں ڈھاکا کے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔
گزشتہ شب ڈھاکا کے مقامی اسپتال میں مولانا دلاور حسین دوران علاج انتقال کرگئے۔
جماعت اسلامی کے نائب امیر کی نماز جنازہ ضلع فیروزپور میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
دوسری جانب دلاورحسین سعیدی کی قید میں موت پر دارالحکومت ڈھاکا سمیت بنگلادیش میں ہنگامے پھوٹ پڑے، ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں ایک شخص جاں بحق اور 3 درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
اُدھر ڈھاکا پولیس نے دلاور حسین سعیدی کی غائبانہ نماز جنازہ کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
خیال رہے کہ مولانا دلاور حسین کو جون 2010 میں گرفتار کیا گیا تھا، جنگی جرائم کے ٹربیونل نے 2013 میں انہیں سزائے موت سنائی تھی تاہم سپریم کورٹ نے مولانا دلاور حسین کی سزائے موت عمرقید میں تبدیل کردی تھی جس کے بعد سے وہ جیل میں قید تھے۔