|

وقتِ اشاعت :   August 16 – 2023

کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء چیف آف جھالاوان وسابق وزیر اعلیٰ بلو چستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ وفاق اور چاروں صوبوں میں اب تک نگران حکومتوں میں پیپلز پارٹی کو مکمل نظر انداز کیا گیا ہے،

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کیلئے پیپلز پارٹی کی جانب سے تجویز کردہ نام پر عمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بد ھ کو اپنے جا ری کر دہ ایک بیان میں کیا۔ سابق وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ نگران وزیر اعظم اور اکثریتی نگران وزراء کا تعلق باپ پارٹی ہے،

پنجاب میں نگران مسلم لیگ(ن)، خیبر پختونخواء میں گورنر اور نگران وزیر اعلیٰ جمعیت علماء اسلام کے حمایت یافتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں گورنر کا تعلق ایم کیو ایم اور بلوچستان کے گورنر کا تعلق بی این پی سے ہے بلوچستان کے سابق اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے اراکین کی تعداد 5ہونے کے باوجود اپوزیشن نے نظرانداز رکھا، ملک کے اہم سیاسی جماعتوں کو نظرانداز کرنے نگران حکومتوں پر بہت سے تحفظات پیدا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کو پیپلز پارٹی سے ہونا چاہئے جو اس کا حق ہے پیپلز پارٹی اپنے موقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گی۔