|

وقتِ اشاعت :   August 17 – 2023

افریقا اور یورپ کے درمیان کیپ وردے کے قریب تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 60 سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ حکام کے مطابق 38 افراد کو بچالیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق تارکین وطن کی کشتی 100 سے زائد مسافروں کو سینیگال سے لے کر روانہ ہوئی، کشتی کیپ وردے کے ساحل کے قریب سمندر میں ڈوب گئی۔

 

سینیگال کی وزارت دفاع کے مطابق 38 افراد کو بچالیا گیا۔ کیپ وردے حکام نے بین الاقوامی برادری سے امدادی کارروائیوں کی اپیل کی ہے۔

 

مغربی افریقا کے ساحل سے کیناری جزیرے تک کا راستہ کافی مشہور ہے، جسے افریقا سے اسپن تک جانے کیلئے تارکین وطن استعمال کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ہر سال یورپ جانے کے خواہشمند ہزاروں تارکین وطن سمندری حادثات میں زندگی گنوا بیٹھتے ہیں۔