|

وقتِ اشاعت :   August 23 – 2023

خضدار: نیشنل پارٹی ضلع خضدار کی جانب سے کوئٹہ میں پارٹی کے مرکزی رہنما ء میر دوران خان کھوسہ پر قاتلانہ حملہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،

اور ریلی نکالی گئی ریلی نیشنل پارٹی کے ضلعی آفس سے نکالی گئی اور شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچ کر اختتام پزیر ہوا ریلی کی قیادت ضلعی صدر ایڈوکیٹ عبدالحمید بلوچ عبدالوہاب غلامانی ناصر کمال اور دیگر کررہے تھے۔

ریلی کے شرکا سے ایڈوکیٹ عبدالحمید بلوچ عبدالوہاب غلامانی ناصر کمال بی ایس او پجار کے رہنما نوید بلوچ ریاض احمد شاہوانی خلیل احمد زہری ملک صدیق اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ،

 نیشنل پارٹی جمہوری جدوجہد پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعت ہے ہم نے کبھی تشدداور غیر سیاسی عمل کی حمایت نہیں بلکہ سختی سے اسکی مخالفت کی ہے۔

مقررین نے کہا کہ اس کے باوجود نیشنل پارٹی کے سنیئر رہنمامیر دوران کھوسہ پر کوئٹہ میں قاتلانہ حملہ ایک غیر سیاسی اور بزدلانہ عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی جمہوری جدوجہد سے خائف بعض قوتوں کی خواہش ہے کہ نیشنل پارٹی کو دیوار سے لگاکر وہ اپنی خواہشات کی تکمیل کرینگے ایسا کسی بھی صورت ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں دور اندیشی رواداری اور جمہوری جدوجہد نیشنل پارٹی کی منشور اور نصب العین ہے،

اور ہماری کوشش ہے کہ سیاست میں رواداری دوراندیشی اور احترام کا رشتہ قائم دو دائم رہے انہوں نے کہا میر دوران خان کھوسہ پر حملہ کی نیشنل پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے،

اور واقع میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

بصورت دیگر ہم آئندہ کا لائحہ عمل مرکزی قیادت کی فیصلوں کے بعد جمہوری اور پرامن انداز میں دینے کا حق رکھتے ہیں انہوں نے زیدی میں محمد جان ساسولی کی اغوا نما گرفتاری کی پرزور مذمت کی اور واقع میں ملوث افراد کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا۔

مقررین نے کہا کہ سیاست میں کسی بھی قسم کی دھونس دھمکی غیر جمہوری عمل ہوتا ہے ہم سب کو مل کر باہمی احترام اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

مقررین نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ میر دوران خان کھوسہ پر قاتلانہ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کو یقینی بنائے تاکہ نیشنل پارٹی کے کارکنان میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو انہوں نے چیف سیکریٹری بلوچستان آئی جی پولیس بلوچستان اور متعلقہ حکام سے بھی مطلابہ کیا کہ میر دوران خان کھوسہ پر حملہ میں ملوث افراد کی گرفتاری یقینی بنایا جائے